لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت پنجاب نے صوبے کے 9 اضلاع میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ملتان، ساہیوال، سرگودھا، گوجرانولہ، وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ اور وزیر آباد میں 3 دن کیلئے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔ جمعرات 10 اکتوبر سے ہفتہ 12 اکتوبر تک ان تمام اضلاع میں ہر قسم کے سیاسی اجتماعات، دھرنے، جلسے، مظاہرے، احتجاج اور ایسی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے خانیوال میں 2 دنوں 10 اور 11 اکتوبر کیلئے دفعہ 144 نافذ کی ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کا فیصلہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر کیا گیا۔ نوٹیفیکیشن میں درج ہے کہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر کوئی بھی عوامی اجتماع دہشت گردوں کیلئے سافٹ ٹارگٹ ہو سکتا ہے۔ امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کیلئے احکامات جاری کیے گئے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ملتان، ساہیوال، سرگودھا، گوجرانولہ، وہاڑی، پاکپتن، اوکاڑہ، وزیر آباد اور خانیوال میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔