امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکار کو چینی خاتون سے محبت اور رومانوی تعلق مہنگا پڑ گیا
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )ٹرمپ انتظامیہ نے محکمہ خارجہ کے ایک اہلکار کو چینی خاتون کے ساتھ رومانوی تعلق کی بنیاد پر ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔
فوکس نیوز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے ایک اہلکار کو اس وقت ملازمت سے برطرف کر دیا جب یہ انکشاف ہوا کہ اس نے چین کی کمیونسٹ پارٹی سے وابستگی رکھنے والی ایک چینی خاتون سے رومانوی تعلق قائم کر رکھا تھا، اور اس تعلق کو خفیہ رکھا۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹامی پگٹ کے مطابق، مذکورہ فارن سروس افسر نے اعتراف کیا کہ انہوں نے چینی شہری سے اپنے تعلقات کے بارے میں محکمے کو آگاہ نہیں کیا، حالانکہ اسے معلوم تھا کہ خاتون کے روابط چینی کمیونسٹ پارٹی سے ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، تاہم ایک خفیہ ویڈیو میں انہیں یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ”وہ خاتون جاسوس ہو سکتی ہے“۔ ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا کہ خاتون کے والد براہِ راست کمیونسٹ پارٹی چین سے منسلک ہیں، تاہم اس دعوے کی کوئی ٹھوس شہادت پیش نہیں کی گئی۔
یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں امریکا نے کہا تھا کہ وہ چین میں کام کرنے والے اپنے ملازمین کو مقامی افراد کے ساتھ رومانوی تعلق سے روکے گا۔رپورٹ کے مطابق، اس فیصلے کی منظوری امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود دی۔
