پنجاب کے سموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے نگران جدید نظام نےآج کے دن کا ڈیٹا جاری کر دیا
لاہور( ڈیلی پاکستان آن لائن ) لاہور میں آج صبح کے اوقات میں فضا ءکا معیار خراب رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے سموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے نگران جدید نظام نے آج ( جمعہ )کے دن کا ڈیٹا جاری کر دیا ۔

صبح کے وقت نمی اور درجہ حرارت کی ممکنہ تبدیلی کی وجہ سے ایئر کوالٹی انڈیکس متاثر ہوگا، احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے ۔لاہور میں آج ہوا کی رفتار ایک سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ہونے کا امکان ہے ،ہوا کی رفتار میں اتار چڑھاؤ اور بارش نہ ہونے کی وجہ سے فضا میں آلودہ زرات جمع ہو سکتے ہیں ۔دوپہر میں درجہ حرارت میں اضافے اور ہلکی ہوا سے فضا کے معیار کچھ بہتری ہو گی۔صبح 11 بجے تک ہوا کی رفتار 2 میل فی گھنٹہ سے کم رہنے کی توقع ہے جبکہ دن کے آخری حصے میں ہوا چلنے کی رفتار بتدریج بڑھ کر تقریباً 5 میل فی گھنٹہ ہو جائے گی،لاہور میں آج اوسط’’اے کیو آئی‘‘ 165رہنے کا امکان ہے ۔
سموگ مانیٹرنگ سینٹر کے مطابق حساس گروپس میں آنے والے شہری محتاط رہیں،رات 12 سے صبح 4 بجے تک ’’اے کیو آئی‘‘170 سے 175 ہو گا۔پنجاب کے جدید موسمیاتی نظام کی پیشگوئی کے مطابق صبح 5 سے 11 بجے صبح تک’’اے کیو آئی‘‘ 160 سے 170 کے درمیان رہے گا ،’’اے کیو آئی‘‘ میں یہ اضافہ صبح کے اوقات میں سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت کے بڑھنے سے ہوگا ۔دوپہر 12 بجے سے شام 5 بجے تک ’’اے کیو آئی‘‘ میں واضح کمی ہو گی، 145 سے 150 تک رہنے کا امکان ہے ۔شام 6 سے رات 11 بجے کے درمیان ایک بار پھر’’اے کیو آئی‘‘ بڑھنے کا خدشہ ہے،اس دوران اے کیو آئی 160 سے 170 تک جانے کا امکان ہے۔شہری کسی بھی ماحولیاتی خلاف ورزی کی شکایات فوراً ہیلپ لائن پر کریں ۔
سینئیر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آلودگی پھیلنے سے روکنے میں ہر شہری اپنا بھرپور کردار ادا کرے ،فصل کی باقیات جلانا سنگین جرم ہے ۔ہم سب مل کر سموگ کم کرسکتے ہیں، ماحول صاف رکھ کر فضائی آلودگی میں کمی لائیں۔
