ضلع اورکزئی میں پاک فوج کے کامیاب آپریشن پر خراجِ تحسین کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

ضلع اورکزئی میں پاک فوج کے کامیاب آپریشن پر خراجِ تحسین کی قرارداد پنجاب ...
ضلع اورکزئی میں پاک فوج کے کامیاب آپریشن پر خراجِ تحسین کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی  پاکستان آن لائن ) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ایک قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی ہے جس میں ضلع اورکزئی (خیبرپختونخوا) میں خوارج کے خلاف پاک فوج کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ 7 اور 8 اکتوبر 2025 کی درمیانی شب پاک فوج کے جوانوں نے غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ وطنِ عزیز کے 11 جانباز سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہداء میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب رحمت اور دیگر نڈر جوان شامل ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور قوم کے امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاک فوج کے اُن بہادر افسروں اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے جنہوں نے ریاستِ پاکستان کے دشمنوں کو شکستِ فاش دی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کی قربانی نہ صرف پاک فوج بلکہ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔

یہ ایوان اس امر کا اعادہ کرتا ہے کہ قوم اپنے بہادر محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی مسلح افواج کی پشت پر رہے گی۔

قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان شہداء کے اہلِ خانہ کے لیے خصوصی مراعات، مالی معاونت اور تعلیمی وظائف کا اعلان کرے تاکہ ان کی قربانیوں کو حقیقی معنوں میں خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے۔

یہ ایوان پوری قوتِ ارادی کے ساتھ اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ خوارج اور دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری حد تک جاری رہے گی۔ قوم اپنے شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر و حوصلہ عطا کرے۔

پاک فوج زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔