سمیڈا کے پانچ سالہ ایس ایم ای ڈویلپمنٹ پلان کے تحت ایک ارب روپے مختص

سمیڈا کے پانچ سالہ ایس ایم ای ڈویلپمنٹ پلان کے تحت ایک ارب روپے مختص

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (اے پی پی) حکومت نے سمال اینڈمیڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے پانچ سالہ ایس ایم ای ڈویلپمنٹ پلان میں تجویز کردہ اقدامات کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کر دیئے ہیں ۔ اس امر کا اظہارسمیڈا کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر کاشف انور کی قیادت میں آنے والے سات رکنی وفد کے اعزاز میں خطبہِ استقبالیہ پیش کر تے ہوئے کیا۔ محمد عالمگیر چوہدری نے لاہور چیمبر کے وفد کو بتا یاکہ سمیڈا کے تحت پانچ سالہ ایس ایم ای ڈویلپمنٹ پلان تشکیل دینے کیلئے ملک بھر میں ایس ایم ای سیکٹر کے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ 870 میٹنگز کی گئیں جن میں لاجسٹک، کنسٹرکشن، ڈیری اینڈ لائیو سٹاک، جیم اینڈ جیولری، ہینڈی کرافٹس، فشریز، توانائی، لیدر، معدنیات، ٹورازم، ٹیکسٹائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت 13شعبے شامل تھے۔
انہوں نے بتا یا مذکورہ شعبوں کے ویلیو چین تجزیے کے نتیجے میں 76 نئے ترقیاتی اقدامات تشکیل پائے ۔ انہوں نے کہا کہ سمیڈا نے اپنے پانچ سالہ ایس ایم ای ڈویلپمنٹ پلان کی ایک پریزنٹیشن پلاننگ کمےشن کو بھی دی تھی جس پر پلاننگ کمیشن نے نہ صرف پلان میں پیش کردہ اقدامات پر عملدرآمد کیلئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں، سمیڈا نے پلان کواپنے وژن 2020 کا حصہ بھی بنا لیا ہے۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے نائب صدر کاشف انور نے ملک میں ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی میں سمیڈا کے کردار کو سراہا اور یقین دہانی کرائی کہ لاہور چیمبر صنعتی و تجارتی شعبہ کے ترقی کیلئے سمیڈا کی کاوشوں کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ اس ضمن میں انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں سمیڈا کے تحت ایس ایم ای کلب کی تشکیل کے اقدام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید کی کہ یہ اقدام ایس ایم ای سیکٹر کو مارکیٹنگ کے حوالے سے درپیش مسائل کا مکمل حل ثابت ہوگا اور اس کی مدد سے ایس ایم ایز کی مصنوعات کو قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں با آسانی فروغ دیا جاسکے گا۔اس موقع پر سمیڈا پنجاب کے صوبائی سربراہ حسنین جاوید، ڈپٹی جنرل مینیجر لیاقت علی گوہر اور ای بزنس ڈویلپمنٹ سروسز کے مینیجر میر انوار بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔

مزید :

کامرس -