سیلاب کی تباہ کاریاں ہمارے لئے ایک امتحان ہے: ایس ایم نصیر

سیلاب کی تباہ کاریاں ہمارے لئے ایک امتحان ہے: ایس ایم نصیر


لاہور(کامرس رپورٹر)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل چےئرمین ایس ایم نصیر نے کہا کہ پاکستان ان دنوں خوفناک سیلاب کی زد میں ہے ملک میں بارشوں کا غیر متوقع سلسلہ شروع ہوا جس سے دریاؤں میں سیلاب آگیا ہے۔سیلاب نے ملک کی مختلف آبادیوں اور فصلوں کو بری طرح سے متاثر کیا ہے جان و مال اور مویشوں کا بھی ضیاع ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں ہمارے لئے ایک امتحان ہے اس مشکل وقت پر پوری قوم کو یکجا ہونے کی ضرورت ہے اورساری بزنس کمیونٹی مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شدید بارشوں و سیلاب سے لاکھوں پاکستانی سخت مشکلات سے دو چار ہیں ،بزنس کمیونٹی ملک بھر میں آئی ڈی پیز کے ساتھ ساتھ سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کی امداد کے لئے ہمیشہ کی طرح بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے کیونکہ ہم اپنی ذمہ داری سے آگاہ ہے۔ایس ایم نصیر نے مزید کہا کہ قدرتی آفات سے تباہی کے پیش نظر دھرنے کی سیاست کو خیر باد کہہ کر سیلاب سے متاثرہ لوگوں اورآئی ڈی پیزکی مدد کے لئے میدان میں آنا چاہئے،سب کو مل کر متاثرین کی مدد کرنی چاہئے کیونکہ اس قدرتی آفات سے ابھی تک سو سے زیادہ لوگ جاں بحق ہو چکے ہیں جو بہت ہی افسوس ناک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام حکومت اور سیاسی لوگوں کی امداد کے طالب ہیں ۔حکومت کو متاثرین کی املاک کے نقصان کا ازالہ کرنا چاہئے۔

اس مشکل گھڑی میں ہمیں سیلاب سے متاثرہ اور آئی ڈی پیز کے ساتھ کھڑے ہو کر ان کا دکھ درد بانٹنا چاہئے۔آپریشن کی وجہ سے ہمارے لاکھوں قبائلی بہن بھائی بھی کھلے آسمان تلے ہماری امداد کے منتظر ہیں اورہم سیاسی دھرنے اور تقرریں کرنے میں مصروف ہیں۔ایس ایم نصیر نے مزید کہا کہ وطن عزیز کی ترقی کیلئے سنجیدہ اور نتیجہ خیز کاوشیں کرنا ہو نگی ۔ انا اور ضد چھوڑ کر مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرئے کیونکہ ملک مزید نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے اوسب مل کر سیلاب سے متاثرہ لوگوں اور آئی ڈی پیز کی امداد کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

مزید : کامرس