ملک وقوم کے مفاد میں فوری طورپر دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیاجائے

ملک وقوم کے مفاد میں فوری طورپر دھرنے ختم کرنے کا اعلان کیاجائے

کراچی(اکنامک رپورٹر)ملکی معیشت اورعوام کویرغمال بنانے والے ملک وقوم کے مفاد میں فوری طورپر دھرنے ختم کرنے کا اعلان کریں اور تاجروصنعتکاربرادرسمیت مخیر حضرات شدید بارشوں کے باعث سیلاب سے متاثرہونے والے افراد کی امداد کے لیے اپنا بھرپورکرداراداکریں ۔یہ بات تاجر رہنما اور کورنگی ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر نے گزشتہ شب ٹاولز مینوفیکچرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سابق سینٹرل چیئرمین مہتاب الدین چاولہ کو انکی خدمات پر حکومت پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ تمغہ امتیاز پر دئیے گئے عشائیے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین ،مہتاب الدین چاولہ اور کاٹی کے صدر سید فرخ مظہر نے اظہارخیال کیا جبکہ سینیٹرعبدالحسیب خان،خالدتواب ،نقی باڑی،جاوید علی غوری ، میجر مستجاب اور دیگر بھی موجودتھے ۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ پنجاب میں بارشوں کے باعث سیلابی ریلے سے شدید نقصان پہنچا ہے اور تجارتی وکاروباری سرگرمیاں شدید مشکلات سے دوچارہیں لہذا سب کو اپنے انفرادی مفاد ات کی بجائے ملک وقوم کے بہترمفاد میں سوچنا ہوگا بصورت دیگر پوری قوم کوخمیازہ برداشت کرنا پڑیگا ۔اس موقع پر مہتاب الدین چاولہ نے کہا کہ گزشتہ دوماہ سے برآمدی سرگرمیاں مفلوج ہوچکی ہیں اور تقریبا 100 ارب روپے کامالی نقصان برآمدات کی مد میں ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں اور پارلیمنٹ ہاوس سمیت پی ٹی وی پر حملے کے بعد بیرونی ممالک میں پاکستان کا تاثربری طری متاثرہواہے اب بیرونی خریدار پاکستان کی بجائے دنیا کے دیگر ممالک میں پاکستانی برآمدکنندگان کوطلب کرتے ہیں اور سب سے پہلے ملک کے سیاسی منظرنامے ،دھرنوں اور جلوسوں کے ختم نہ ہونے پر اپنے خدشات سے آگاہ کردیتے ہیں جسکے بعد نئے آڈرز کے لیے موجودہ امکانات بھی مخدو ش ہوتے نظرآرہے ہیں۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ معاشی ترقی کے ذریعے ہی ملک میں انقلاب کی راہ ہموارکی جاسکتی ہے لہذا تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اورڈاکٹرطاہرالقادری ملک میں انقلاب برپا کرنے کے لیے تجارتی وکاروباری سرگرمیوں کوفروغ دینے کے لیے دھرنے ختم کرنے کافوری اعلان اور شدید بارشوں کے متاثرہ خاندان کی امداد کویقینی بنانے کے لیے اپنا کرداراداکریں ۔انہوں نے کہا کہ ملک میںجاری موجودہ صورتحال کسی بھی طرح پاکستان اور عوام کے مفاد میں نہیں ہے لہذا تاجروصنعتکاربرادری ایکبارپھر تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور ڈاکٹرطاہر القادری سے اپیل کرتی ہے کہ ملک وقوم کے وسیع ترمفاد کی خاطر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردے ۔کاٹی کے صدر سید فرخ مظہر نے کہا کہ دنیا ترقی اور آگے کی جانب گامزن ہے جبکہ پاکستان مالی مشکلات کے دلدل میں گرتاجارہا ہے جسکی بڑی وجہ ملک دھرنوں ،جلوسوں کی سیاست میں مصروف عمل ہے اور تجارتی وکاروباری سرگرمیوں کی کسی کو بھی پرواہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑہتی ہوئی بھوک وافلاس ،بے روزگاری،غربت کاخاتمہ کرنے کے لیے عملی اقدامات کرناہونگے اور سیاسی دھرنوں،جلوسوں پر کم ازکم پانچ سال کے لیے پابندی اورتعطیلات کلچر کوخیر آباد کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلے اور قدرتی آفات میں اپنے متاثرین بھائیوں کوامدافراہم کرنے کے لیے دھرنوں کی سیاست کوتحریک انصاف خیر آباد کردے تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرین کی امداد کی فراہمی کوممکن بنایا جاسکے ۔#

مزید : کامرس