فوج سیلاب میں پھنسے افراد کی مدد میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ،جنرل راحیل شریف

فوج سیلاب میں پھنسے افراد کی مدد میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی ،جنرل راحیل ...

                        راولپنڈی (آئی این پی ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے منگل کو جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس کے دوران خیبر پختونخوا میں سکیورٹی صورتحال اور خاص طور پر شمالی وزیرستان آپریشن کے متاثرین کی بحالی سمیت دیگر ایشوز پر گفتگو کی گئی،ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے جنرل راحیل شریف کو آئی ڈی پیز کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں آپریشن ضرب عضب‘ سیلاب کی تباہ کاریوں اور وفاقی دارالحکومت میں جاری دھرنوں سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا‘ عسکری اور سیاسی قیادت نے اتفاق کیا کہ سیاسی معاملات کا حل جلد اور سیاسی طریقے سے نکالا جانا چاہئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جنرل راحیل شریف کو خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے حوالے سے آرمی چیف کو آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ملاقات میں سیلاب متاثرین کے ریلیف کے لئے دس کروڑ روپے کا امدادی چیک جنرل راحیل شریف کے حوالے کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دس کروڑ روپے پنجاب اور آزاد کشمیر میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کیلئے خرچ کئے جائینگے۔ اس موقعہ پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب اور سیلاب سے تباہ کاریوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں کا کردار قابل تعریف ہے۔ جنرل راحیل شریف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے جذبے کو سراہتے ہوئے سیلاب متاثرین کی ریلیف کے لئے امداد دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات تیس منٹ جاری رہی۔

مزید : صفحہ اول