شا ہ محمود قریشی کے گھر پر حملہ کرنے والے ن لیگی کارکنان کو کلین چٹ مل گئی

شا ہ محمود قریشی کے گھر پر حملہ کرنے والے ن لیگی کارکنان کو کلین چٹ مل گئی
شا ہ محمود قریشی کے گھر پر حملہ کرنے والے ن لیگی کارکنان کو کلین چٹ مل گئی

  


ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کے گھر پر حملہ کرنے والے مسلم لیگ ن کے ضلعی صدربلو بٹ سمیت تمام نامزد ملزمان کو پولیس کی جانب سے کلین چٹ دیتے ہوئے انسداد دہشت گردی اور دیگر دفعات ختم کر دی گئیں ہیں ۔ تفصیلات کے مطا بق پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کے گھر پر حملہ کرنے والے مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر بلال بٹ عرف بلو بٹ سمیت تمام نامزد ملزمان کے خلاف ملتان کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میںسماعت ہوئی جس میں مسلم لیگ نواز کے ضلعی صدر بلال بٹ عرف بلو بٹ سمیت پچاس لیگی کارکنوں اور ان کے وکلاءپیش ہوئے۔سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا کہ شاہ محمود قریشی کے گھر پر حملہ نہیں ہوا بلکہ صرف مظاہرہ کیا گیا تھا لہذا اس کیس میں دہشت گردی کی دفعات کا اطلاق نہیں ہوتا ہے،پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش میں کسی ملزم کے خلاف دفعہ 788ثابت نہیں ہو سکی ہے ۔ وکلاءنے بھی دلائل میں بلو بٹ سمیت تمام لیگی کارکنوں کو بے گناہ قرار دیا۔ انسداد دہشت گردی کی دفعات نکالے جانے کے بعد تمام ملزمان نے اپنی عبوری ضمانتیں واپس لے لیں ہیں اور مقدمہ میں اب صرف ایک دفعہ پانچ سو چھ باقی رہ گئی ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد میں جاری دھرنے کے رد عمل کے طور پر پی ٹی آئی کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کے گھر پر مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر بلو بٹ اور دیگر کارکنان کی جانب سے حملہ کیا گیا اور دروازہ توڑنے کی کوشش کی گئی ۔ میڈیا پر اس خبر کے آنے کے بعد پولیس کو چار و ناچار بلو بٹ اور دیگر کارکنان کے خلاف مقدمہ در ج کر نا پڑا تھا۔

مزید : ملتان /اہم خبریں