جاپان کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان کے باعث نظام زندگی مفلوج
ٹوکیو (اے پی پی) جاپان کے ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان ایٹاؤ کے باعث نظام زندگی مفلوج اور مواصلات کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ جاپان کے محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ایٹاؤ کے ٹکرانے کے بعد تیز بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور 125 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث متعدد مکانوں کی چھتوں سمیت سینکڑوں درخت اکھڑ گئے ہیں۔ حکومت نے طوفان سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے اور لینڈ سلائینڈنگ کے پیش نظر دیہاتوں اور قصبوں کو خالی کروا لیا گیا ہے۔ طوفان سے اندرون اور بیرون ملک متعدد فلائٹس بھی تاخیر کا شکار ہوئی ہے اور ملک میں موجود ریلوے کا نظام بھی طوفان سے شدید متاثر ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ طوفان کی شدت میں کمی واقع ہورہی ہے اور یہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جاپان کے مشرقی سمندری علاقے میں پہنچ کر ختم ہو جائے گا۔