پناہ گزینوں کی آباد کاری: امریکا قائدانہ کردار ادا کرے: سربراہ آئی آر سی

پناہ گزینوں کی آباد کاری: امریکا قائدانہ کردار ادا کرے: سربراہ آئی آر سی

لندن(آن لائن)انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی)کے سربراہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ سے فرار ہونے والے شامی پناہ گزینوں کی مدد کے لیے مزید اقدام کرے۔ اس وقت یہ پناہ گزین یورپی یونین میں جمع ہو رہے ہیں جس کے مجموعی ردعمل کو انہوں نے کمزور اور نا اہلی پر مبنی قرار دیا۔آئی آر سی کے سربراہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے کہا ہے 45 لاکھ شامی پناہ گزینوں کا بوجھ اٹھانے والے ممالک ترکی، اردن اور لبنان کی طرف دیکھ کر امریکہ کو پناہ گزینوں کی آباد کاری میں اپنا کردار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ملی بینڈ نے ایک امریکی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چار سال سے جاری جنگ کے دوران امریکہ نے صرفچودہ سو شامی پناہ گزینوں کو قبول کیا ہے۔ پناہ گزینوں کی آباد کاری میں قائدانہ کردار ادا کرنے کے لیے امریکہ کو 130,000میں سے65000 شامی مہاجرین کو قبول کرنا چاہیئے۔ جن کے بارے میں اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ انہیں 2016 کے اواخر تک دنیا بھر میں آباد کرنا چاہیے۔ امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکہ اس سال مزید1500 شامیوں کو اپنے ملک میں پناہ دے سکتا ہے اور اگلے سال یہ تعداد بڑھ سکتی ہے۔ملی بینڈ نے کہا کہ جرمنی اس بحران میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے اور صرف اس سال آٹھ لاکھ پناہ گزینوں کو اپنے ملک میں جگہ دینے کے لیے تیار ہے۔مگر انہوں نے کہا کہ اکثر یورپی ممالک اور مجموعی طور پر بین الاقوامی برادری نے شام میں چار سال سے جاری جنگ سے پیدا ہونے والے پناہ گزینوں کے بحران پر ناکافی ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ملی بینڈ نے متمول عرب ریاستوں سے بھی کہا کہ وہ لاکھوں پناہ گزینوں کی دیکھ بھال میں اپنا کردار ادا کریں۔

مزید : عالمی منظر