نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام یوم دفاع کے حوالے سے تقریری مقابلے

نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام یوم دفاع کے حوالے سے تقریری مقابلے

لاہور(پ ر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں جاری تقریباتِ یوم دفاع کے سلسلے میں کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات کے مابین انعامی تقریری مقابلہ بعنوان ’’شہید کا جو لہو ہے ،وہ قوم کی زکوٰۃ ہے‘‘ منعقد ہوا۔ اس مقابلے میں طلبا وطالبات کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک ،نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔ مقابلے کے منصف کے فرائض پروفیسر شرافت علی خان نے انجام دیے۔اس موقع پر طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے معروف عالم دین و کشمیری رہنما مولانا محمد شفیع جوش نے کہا کہ آج ہم اپنے شہداء کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہمیں اپنی اس شہ رگ کو ازلی دشمن بھارت کے قبضے سے آزاد کروانا ہے۔ مقابلے کے نتائج کے مطابق محمد شاداب خان نے اول‘آمنہ غفورنے دوئم اور درشہوار نے سوئم پوزیشن حاصل کی جبکہ آمنہ بتول اور فرزاد قمر کو حوصلہ افزائی کے انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔ ان تقریبات کا اہتمام تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا گیاہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4