نئی نسل کو گمراہی سے بچانے کا واحد ذریعہ طریق محمدی ﷺ پر چلنا ہے،رانا ادریس

نئی نسل کو گمراہی سے بچانے کا واحد ذریعہ طریق محمدی ﷺ پر چلنا ہے،رانا ادریس

لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ نئی نسل کو گمراہی سے بچانے کا واحد ذریعہ طریق محمدی ﷺ پر چلنا ہے جو احسن الطریق ہے۔انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی تعمیر کعبہ کے وقت کی گئی دعا کا حوالے دیتے ہوئے کہا ہے کہ طریق محمدی ﷺ پانچ اجزاء نسب محمدی کا حصول،تلاوت قرآن مجید،احکام قرآن کا علم و ادراک،حکمت دین کا حصول اور تزکیہ نفس پر مشتمل ہے۔نسبت محمدی ﷺ عشق و محبت مصطفی کے بغیر نہ دین کی سمجھ آتی ہے اور نہ ہی اس پر عمل کا جذبہ پیدا ہوتا ہے ۔وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں علما کی فکری نشست سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر علامہ ظہیر نقشبندی،علامہ اعجاز ملک،شکیل ثانی،علامہ لطیف مدنی،علامہ عثمان سیالوی، علامہ میر آصف اکبر و دیگر علما کرام بھی موجود تھے ۔علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ تلاوت قرآن مجید اور احکام قرآن کا جاننا انکا فہم اور تدبر حاصل کرنا ،فہم قرآن کے ذریعے دینی بصیرت و حکمت حاصل کرنا اور دین پر عمل پیرا ہو کر اپنے نفس کا تذکیہ کرنا ہی راہ نجات ہے۔جب انسان تزکیہ نفس کی منزل کو پا لیتا ہے تو اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق وہ انسان بندہ ربانی بن جاتا ہے۔انہوں نے کہا فہم دین رکھنے والے اس عالم ربانی کا مقام محض عالم کتاب سے کہیں بلند ہوتا ہے۔

عالم ربانی بننے کیلئے اللہ والوں کی صحبت اختیار کرنا اچھی محافل میں شرکت اور دینی ماحول کو اپنانا نہایت ضروری ہے ۔انہوں نے علماء کو زور دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو مقصد بعثت نبوی ﷺ اور آپ کے اسوہ حسنہ پر چلتے ہوئے دین پر عمل کے ساتھ راہ استقامت بھی اختیار کرنی چاہیے ۔دین اسلام کی سر بلندی کیلئے ممکنہ کاوش کی جائے کہ یہی طریق محمدی ﷺہے ۔انہوں نے کہا کہ آج اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کا ان کے نبی ﷺ سے اور اسلاف سے تعلق محبت کو کمزور کرنا چاہتی ہیں ۔اس لئے موجودہ دور میں محبت رسول ﷺ کے ساتھ ساتھ محبت صحابہ اور اللہ والوں کی محبت کی بھی اشد ضرورت ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4