پنجاب فوڈ اتھارٹی متحرک ،مضر صحت اشیا ء خورد و نوش کی برآمدگی پر متعدد دکانیں ،بیکریاں ،ہوٹل اور ریسٹورنٹ سیل

پنجاب فوڈ اتھارٹی متحرک ،مضر صحت اشیا ء خورد و نوش کی برآمدگی پر متعدد ...

لاہور(کامرس رپورٹر)ڈائریکٹر آپریشنز عائشہ ممتاز کی سربراہی میں گزشتہ روزسمن آباد ٹاؤن کی ٹیم نے پونچھ روڈ پر واقع جاوید چنے سٹور،آر۔ایس سٹور،خان ہنی اینڈ ٹی سٹور،بسم اللہ چکن اور فرائی چکن کو بغیر فوڈ لائسنس کاروبار کرنے،ورکرز کا میڈیکل کرائے بغیر کام کرنے،ورکرز کی صفائی کی خراب صورت حال،ٹوٹے ہوئے فریزرز استعمال کرنے،خراب پھل، غیر میعاری کیچپ،فریزرز میں بدبو اوربچی ہوئی کھانے کی اشیاء فریزرز میں رکھنے کی وجہ سے سر بمہر کردیا۔اس کے علاوہ گورمے سویٹس کو چینی کی پیکنگ پر لیبلنگ درج نہ ہونے اور مچھر وں کی روک تھام کے لیے نسب کیے گئے آلات کی ناقص صفائی کی وجہ سے بھاری جرمانہ عائد کیا۔راوی ٹاؤن کی ٹیم نے گمٹی بازار میں واقع لیاقت ملک شاپ،فضل ملک شاپ،بھلا نان شاپ،عباس خان نان شاپ،عزیز ہوٹل اورتارہ بونگ پائے کو بغیر فوڈ لائسنس کاروبار کرنے، ورکرز کا میڈیکل کرائے بغیر کام کرنے اور ناقص صفائی کی وجہ سے سر بمہر کردیا۔اس کے علاوہ پانی والا تالاب بازار میں واقع بسم اللہ ہوٹل جسے کچھ روز پر پہلے سر بمہر کیا گیا تھا ،اسے ہوٹل مالک نے غیر قانونی طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اجازت لیے بغیر ڈی سیل کر لیا جس کی بنا پر متعلقہ تھانہ میں ایف۔آئی۔آر درج کرائی گئی، مالک کو موقع پر گرفتار کرایا گیا اور ہوٹل کو دوبارہ سر بمہر کردیا گیا۔علامہ اقبال ٹاؤن کی ٹیم نے جوہر ٹاؤن، جی ون مارکیٹ میں واقع امجد سموسہ یونٹ کو ورکرز کا میڈیکل کرائے بغیر کام کرنے،پراڈکشن ایریا میں واشروم،کچن میں گندگی،فریزرز کی ناقص صفائی،بچی ہوئی کھانے کی اشیا ء فریزرز میں رکھنے،کھانے کی اشیاء کو ڈھانپ کر نہ رکھنے،مکڑیوں کے جالے اور وکرزکی صفائی کی خراب صورت حال کی بنا پر سر بمہر کردیا۔اس کے علاوہ رائیونڈ روڈ پر واقع سٹوڈنٹس فوڈزکو صفائی کی ناقص صورت حال،کھانے کی اشیاء ڈھانپ کر نہ رکھنے،کاؤنٹر نسب نہ کرنے اور فریزرزکی صفائی کی ناقص صورت حال کی بنا پر بھاری جرمانہ عائد کیا۔داتا گنج بخش ٹاؤن کی ٹیم نے لکشمی چوک میں واقع لاثانی ریسٹورنٹ کو صفائی کی ناقص صورت حال،فریزرز کی صفائی کی ناقص صورت حال،چوہوں کی غلاظت،فریزرمیں خون جمع ہونے،ضائع المیعاد پراڈکٹس فروخت کرنے،مشروم کینز پر کائی ،برتن اور ہاتھ دھونے کے لیے صابن دستیاب نہ ہونے اور کھلی نالیوں کی وجہ سے سر بمہر کردیا۔شالیمار ٹاؤن کی ٹیم بیگم کوٹ کے علاقہ میں واقع رانا سنز بیکرز کو بغیر فوڈ لائسنس کاروبار کرنے اور صفائی کی ناقص صورت حال کی وجہ سے سر بمہر کردیا جبکہ سنگھ پورہ میں واقع سامے سموسہ سویٹس کو مکھیوں کی بہتات اور پراڈکٹس پر غیر مناسب لیبلنگ درج ہونے کی وجہ سے بھاری جرمانہ عائد کیا۔واہگہ ٹاؤن کی ٹیم نے ریلوے پھاٹک ، جلو پنڈ میں واقع محسن بیکری کو ناقص صفائی کی وجہ سے بھاری جرمانہ عائد کیا اور پراڈکٹس کے نمونہ جات بھی لیے اور تجزیہ کے لیے لیبارٹری بھجوادیے گئے۔گلبر گ ٹاؤن کی ٹیم نے بابا فرید سٹور،طفیل سٹور،شفقت سٹور اور مدنی ریسٹورنٹ ایل۔ڈی۔فلیٹس کو بغیر فوڈ لائسنس کاروبار کرنے کی وجہ سے سر بمہر کردیا۔

مزید : صفحہ اول