اسلام آباد انتظامیہ کے چھاپے ،سیور فوڈ سمیت 5ہوٹل سیل متعدد کو جرمانے3 افراد گرفتار

اسلام آباد انتظامیہ کے چھاپے ،سیور فوڈ سمیت 5ہوٹل سیل متعدد کو جرمانے3 افراد ...

 اسلام آباد(آئی این پی)لاہور کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بڑے ہوٹلوں اورریسٹورنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا جس پر اسلام آباد انتظامیہ نے بلیو ایریا میں واقع سیور فوڈ کو غیر معیاری کھانا فراہم کرنے پر سیل جبکہ سپر مارکیٹ میں واقع چائے خانہ سمیت 7 ہوٹلوں کو جرمانہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو اسلام آباد انتظامیہ نے اسسٹنٹ کمشنر شالیمار علی اصغر کی سربراہی میں وفاقی دارالحکومت میں ریسٹورنٹ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا اور سب سے پہلے بلیو ایریا میں واقع سب سے بڑی فوڈ شاپ سیور فوڈ پر چھاپہ مارا جہاں پر سیور فوڈ کی رائتہ اور دودھ والی جگہ پر ہی بڑی تعداد میں جانور وں کی ہڈیاں بھی دیکھی گئیں جن سے بد بو آ رہی تھی۔ جس پر انتظامیہ نے سیور فوڈ کو غیر معیاری کھانا فراہم کرنے پر سیل کر دیا او راس کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے 3 افراد کو گرفتار کرلیا اس کے بعد انتظامیہ نے سپر مارکیٹ میں واقع سب سے بڑے ریسٹورنٹ چائے خانہ پر چھاپہ مارا جہاں پر صفائی کا بہتر انتظام نہ ہونے پر اسے بھی سیل کر کے جرمانہ عائد کر دیا اور وفاقی دارالحکومت کے علاقے ایف ٹین میں 5 ہوٹلوں پر بھی چھاپہ مار کر انہیں غیر معیاری کھانا فراہم کرنے اور صفائی کا بہتر انتظامیہ نہ ہونے پر سیل کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں مزید ہوٹلوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ ابھی جاری ہے۔

مزید : صفحہ اول