امن کیلئے افواج اور اداروں کی قربانیاں رائیگا ں نہیں جائیں گی ،حمزہ شہباز

امن کیلئے افواج اور اداروں کی قربانیاں رائیگا ں نہیں جائیں گی ،حمزہ شہباز

لاہور (جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو در پیش دہشت گردی کے سب سے بڑے چیلنج سے بخوبی نمٹا جا رہا ہے اور ضرب عضب کی شکل میں جاری آپریشن میں افواج پاکستان اور قومی اداروں کی امن کے لئے قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی ،ملک میں نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے اور لوڈ شیڈنگ سمیت حکومت انشاء اللہ 2017ء کے آخر تک تمام مسائل پر قابو پا لے گی اور 2018ء میں عوام کی عدالت میں سرخرو ہو ں گے ۔وہ گزشتہ روز محکمہ زکوۃ و عشر اور ٹیوٹا کے تعاون سے خود روز گار سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔صوبائی وزراء ملک ندیم کامران،ذکیہ شاہنواز اور چوہدری محمد شفیق ،سینیٹر سعود مجید ،ڈاکٹر امجد ثاقب ،پارلیمانی سیکرٹری رانامحمد ارشد ،سیکرٹری صاحبان اور طلبا و طالبات کے علاوہ خود روز گار سکیم سے مستفید ہونے والے بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو ایٹمی قوت بنانے کے بعد پاکستا ن میں اقتصادی راہداری کا منصوبہ معاشی خوشحالی کے دروازے کھلے گا اور دوسرے ملک پاکستان کی سپورٹ حاصل کرنے کی خواہش کریں گے ،ان کا مزید کہنا تھا کہی ہم بھارت سے برابری کی سطح پر بات چیت کے خواہاں ہیں او رکسی کو ہماری قومی حمیت اور خودداری پر سوال اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے محکمہ زکوۃ و عشر کے کنٹریکٹ ایمپلائز کی تنخواہوں میں 25سے 33فیصد اضافے کا اعلان کیا ،اس موقع پرصوبائی وزیر زکوۃ و عشرملک ندیم کامران نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 205افراد میں 50ہزار فی کس کے حساب سے خود روز گار سکیم کا اجراء کیا جا رہا ہے جسے صوبے کے 9اضلاع تک پھیلایا جائے گا ۔

مزید : صفحہ آخر