کسٹم ڈیوٹی کی چوری ، سزا کی معطلی کے بعد غائب ہونے پر ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے 21لاکھ کی کسٹم ڈیوٹی کی چوری کے مقدمہ میں سزا کی معطلی کے بعد غائب ہوجانے والے نیب کے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو حکم دیاہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے 5 اکتوبر کو عدالت میں پیش کیا جائے ۔مسٹرجسٹس محمود مقبول باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ملزم عبدالرؤف کی اپیل پر سماعت کی، عدالت کی طرف سے متعدد مرتبہ پیشی کے لئے پکارنے کے باوجود ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوا جس پر نیب کے وکیل نے بنچ کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کی طرف سے ملزم عبدالرؤف کو دی گئی سزا معطل کرتے ہوئے نیب سے جواب طلب کیا تھا مگر سزا معطل ہوتے ہوئے کئی ماہ گزرنے کے باوجود ملزم عدالت میں اپیل کی پیروی کے لئے پیش نہیں ہو رہا ، بنچ نے ملزم عبدالرؤف کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے سی سی پی اولاہور کو ہدایت کی ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے، ملزم پر الزام ہے کہ اس نے جی پی او میں بطور افسر ڈیوٹی کسٹم ڈیوٹی کے پیسوں میں 21لاکھ روپے کی خوردبرد کی۔