ملک میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل سکیورٹی حاصل ہے،گورنر پنجاب

ملک میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل سکیورٹی حاصل ہے،گورنر پنجاب

لاہور (خبر نگارخصوصی)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے لاہور میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق لفاروق نے ملاقات کی۔جس میں باہمی دلچسپی کے امور خصوصاً ہندوؤں اور سکھوں کی املاک کی حفاظت اور ان کی تزئین و آرائش کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت ملک میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل سکیورٹی اور انہیں اپنے مذہبی عقائد پر آزادانہ عمل کرنے کے تمام مواقع فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار بلاشبہ دُنیا کے چند ایسے ممالک میں ہوتا ہے جہاں دُنیا بھر سے آئے ہوئے اقلیتی اپنے مقدس مقامات کی یاترا کے دوران خود کو مکمل محفوظ سمجھتے ہیں اوراُن کی ہر طرح کی ضروریات کا خیال رکھا جاتا ہے۔اس موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا کہ سکھوں اور ہندوؤں کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور اس سلسلے میں وزیر اعظم محمد نواز شریف کو باقائدہ رپورٹ پیش کی جاتی ہے۔ چیئر مین صدیق الفاروق نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ ملک میں کروڑوں روپے کی متروکہ وقف املاک کی اراضی قبضہ گروپوں سے واگزار کرائی جارہی ہے اور اس سلسلے میں وزیر اعظم کی طرف سے انہیں مکمل تعاون حاصل ہے۔ گورنر پنجاب نے چیئرمین صدیق الفاروق کے اس اقدا م کو سراہا۔دریں اثناء، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے سینٹ میں قائدایوان سابق وفاقی وزیر اور سینئر مسلم لیگی رہنما راجہ ظفر الحق کی اہلیہ کی وفات پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بعد ازاں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں کالج آف فیزیشنز اینڈ سرجن پاکستان کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران اور بنگلادیش کالج آف فیزیشنز اینڈ سرجن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران پر مشتمل 23رُکنی وفد نے ملاقات کی۔

مزید : صفحہ آخر