امریکہ میں برٹش ایئرلائن کے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

امریکہ میں برٹش ایئرلائن کے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی
امریکہ میں برٹش ایئرلائن کے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

  

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) لاس ویگاس سے لندن کیلئے اڑان بھرنیوالے مسافر بردار طیارے میں پراسرار طور پر آگ لگ گئی جس سے مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی اور 20 افراد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ریاست نویڈا کے شہر لاس ویگاس میں مک کیران ایئرپورٹ پر برطانوی ایئر لائن کا طیارہ بوئنگ 777 لندن کی پرواز کے لیے روانہ ہونے کو تھا کہ اچانک اس کے ایک انجن میں آگ بھڑک اٹھی جس سے جہاز میں دھواں پھیل گیا جبکہ جہاز میں 159 مسافر سوار اور عملے کے 13 ارکان تھے جنہوں نے دھواں پھیلتے دیکھ کر جان بچانے کی کوششیں شروع کردیں جس سے طیارے میں بھگدڑ مچ گئی۔

ایوی ایشن حکام نے فوری طور پر مسافروں کو ہنگامی راستوں سے جہاز سے باہر نکالا تاہم اس دوران دھوئیں اور بھگدڑ سے 20 افراد زخمی ہوگئے جن میں عملے کے 2 ارکان بھی شامل ہیں۔ ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق آگ طیارے کے بائیں انجن میں لگی تھی جس پر جلد ہی قابو پالیا گیا جبکہ واقعے کے بعد ایک رن وے کو پروازوں کے لیے بند کردیا گیا۔ ایئرلائن کا کہنا ہے کہ فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے تاہم اس حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

مزید : بین الاقوامی