پاک فضائیہ پر مبنی فلم ’’پرواز ہے جنوں ‘‘بنانے کا اعلان

پاک فضائیہ پر مبنی فلم ’’پرواز ہے جنوں ‘‘بنانے کا اعلان
پاک فضائیہ پر مبنی فلم ’’پرواز ہے جنوں ‘‘بنانے کا اعلان

  


لاہور (فلم رپورٹر)مومنہ اینڈ دُ رید فلمزکی جانب نئی آنے والی فلم ’’پرواز ہے جنوں ‘‘ کا اعلان کیا گیا جو پاکستان ائیرفورس کو خراج تحسین ہے جو اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر فضائی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے۔یہ فلم عید الاضحی 2017ء کے موقع پر نمائش کیلئے پیش جائے گی۔ یاد رہے کہ عید الاضحی کا ہفتہ ائیر فورس ویک بھی ہوگا اسی وجہ سے یہ فلم کی ریلیز کا بہترین موقع ہوگا ۔پرواز ہے جنون کی پروڈیوسر مومنہ دُرید نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایم ڈی فلمز کی دوسری فلم ہے جس کے مرکزی کرداروں میں پاکستانی تفریحی صنعت کے جگمگاتے ستارے حمزہ علی عباسی اور دیار دل سے شہرت یافتہ عثمان خالد شامل ہیں۔ جبکہ فلم کی ہیروئن کا انتخاب کیلئے عوام سے سوشل میڈیا کے ذریعے رائے طلب کی گئی ہے کہ ان دونوں ستاروں کے ساتھ کون سی ہیروئن منتخب کی جائے ۔فلم کو حقیقت سے قریب تر رکھنے کیلئے معاونین کیلئے حقیقی کیڈٹس‘ فائٹر پائلٹس اور ائیرفورس کے دیگر عملے کو ترجیح دی گئی ہے۔فلم کے ہدایت کار حسیب حسن ہیں جو قبل ازیں من مائل اور دیار دل جیسے مقبول سیریلز تخلیق کرکے عوامی پسندیدگی کی سند حاصل کرچکے ہیں۔فلم فرحت اشتیاق کی تصنیف ہے جو اس سے پہلے ہم سفر‘ اڈاری اور بن روئے جیسے میگا سیریلز پیش کرچکی ہیں۔فلم کی پروڈیوسر مومنہ دُرید نے کہا کہ پاکستان ائیر فورس کو دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل ہے ۔ان کے لئے فلم بنانا ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ائیرفورس کے اشتراک سے کوئی فلم بنائی جارہی ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر ہم نیٹ ورک سلطانہ صدیقی نے کہا کہ ہم نیٹ ورک ہمیشہ معاشرتی مسائل اور اس کی اصلاح کیلئے ڈرامے بناتا ہے ۔ افواج پر فلمیں بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عوام میں حب الوطنی کے جذبے کو ابھارا جاسکے اور پاکستانی افواج کی گرانقدر خدمات کو سامنے لائیں جن کی وجہ سے ہماری سرحدوں پر امن قائم ہے۔پاک فضائیہ کے ساتھ اشتراک کرکے ہم حقیقی ہیروز اور ا ن کی قربانی‘ محنت ‘ حوصلے اور وطن عزیز کے ساتھ اُن کی محبت کو عوام کے سامنے پیش کررہے ہیں۔پاک فضائیہ کے میڈیا افیئرز کے ڈائریکٹر کموڈور سید محمد علی نے اس موقع پر کہا کہ ہوابازی پختہ حوصلہ اور لگن کا سودا ہے اور اس پر فلم سازی کیلئے بھی اتنے ہی بلند حوصلے اور محنت کی ضرورت ہوگی ۔پاک فضائیہ کو اس کی سنہری تاریخ کی وجہ سے پوری دنیا میں نہایت نمایاں مقام حاصل ہے ۔ قوم اپنی فضائیہ کو فخر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اس سے منسلک بہادری کی داستانوں کو پڑھنے کی شائق رہتی ہے۔فلم کی عکس بندی کا آغاز اکتوبر2016سے ہوگا ‘ ہم فلمز اس کا آفیشل ڈسٹری بیوٹر اور مارکیٹنگ پارٹنر ہوگا جبکہ ہم نیٹ ورک لمیٹڈ آفیشل میڈیا پارٹنر ہوگا۔

مزید : کلچر