اقتصادی راہداری اور ڈیموں میں سر مایہ کاری کرنا چاہتے ہیں،ایرانی سفیر

اقتصادی راہداری اور ڈیموں میں سر مایہ کاری کرنا چاہتے ہیں،ایرانی سفیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے کہا ہے کہ انکا ملک اقتصادی راہداری میں بھرپور شرکت اور میگا پراجیکٹس، ریلوے اور ڈیموں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے جبکہ توانائی کا بحران حل کرنے کیلئے ہر ممکن مدد پر آمادہ ہے۔ایرانی بجلی سستی ہے جبکہ گیس پاکستان کا بحران کم کرنے کا سہل، تیز ترین اورقابل بھروسہ زریعے ہے جس کے زریعے معاشی ترقی کی رفتار بڑھائی جا سکتی ہے۔ دونوں ممالک کے مابین بینکنگ چینل کھلنے والا ہے جسکے بعدباہمی تجارت میں زبردست اضافہ ہو گا۔ یہ بات انھوں نے ایف پی سی سی آئی کے صدر عبدالرؤف عالم سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ظفر بختاوری، اسلام آباد چیمبر کے سابق صدور خالد جاوید اور اعجاز عباسی،چئیرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ انکے ملک میں پاکستان ٹیکسٹائل، چاول، آلات جراہی، کھیلوں کے سامان اور زرعی اشیاء کی بڑی مانگ ہے۔ ایران نے دو ارب ڈالر لگا کر اپنے حصے کی پائپ لائن مکمل کر لی ہے اور اب پاکستان اسکی درامد شروع کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ چین، بھارت، جاپان، ترکی، جنوبی کوریا اور دیگر ممالک پابندیوں کے دوران بھی ایران کے توانائی درامد کرتے تھے اور اب بھی کر رہے ہیں اسلئے پاکستان بھی ایسا کر سکتا ہے۔ اس موقع پر عبدالرؤف عالم نے کہا کہ پاکستان اور ایران 2021 تک تجارت کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کر چکے ہیں جسکے لئے اقدامات کرنا ہونگے۔ پاکستان ایران سے بجلی کی درامد بڑھا سکتا ہے مگر ایران اگر قیمت کم کرے تو اسکی قیمت پرکشش ہو جائے گی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین ٹیرف کی کمی، مزید بارڈر کراسنگز، تجارتی نمائشوں اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔

مزید :

کامرس -