حج امت مسلمہ کے لئے اتحاد و یگانگت کا پیغام ہے،عبدالخبیر آزاد

حج امت مسلمہ کے لئے اتحاد و یگانگت کا پیغام ہے،عبدالخبیر آزاد

لاہور(خبر نگار خصوصی) عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب امام مولانا سید عبد الخبیر آزاد (چیئر مین مجلس علماء پاکستان )نے جمعۃ المبارک کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال لاکھوں فرزندان توحید مکہ مکرمہ میں حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کر رہے ہیں،دنیا کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع عرفات کے میدان میں ہوگا، اوریہ حج بیت اللہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ،اللہ تعالیٰ کی وحدانیت ،اور جذبہ ایثار وقربانی ، برابری ،امت مسلمہ کے اتحاد و یگانگت کا دنیا کیلئے پیغام ہے،دنیا بھر سے بلا امتیاز رنگ و نسل وقوم لاکھوں فرزندان توحید ،فریضہ حج ادا کریں گے ، اور اتحاد امت مسلمہ کا عظیم سماں دیکھنے میں آئے گا ، یہی وہ دین اسلام کا عظیم رکن ہے اور فریضہ ہے جو زندگی میں صرف ایک مرتبہ صاحب حیثیت عاقل بالغ مسلمان مرد وعورت پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے فرض کیا گیا ہے ،اور دنیا بھر سے دیوانہ وار لوگ اس عظیم فریضہ کی ادائیگی کیلئے حج بیت اللہ سے مشرف ہونے کیلئے وہاں پر پہنچ چکے ہیں، حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرح خدا کی دعوت پر لبیک کہنا اور عظیم الشان قربانی کی روح کو زندہ کرنا اور ان کی پیر وی میں اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے تسلیم ورضا اور فرمانبرداری اور اطاعت کے ساتھ اپنی گردن جھکا دینا یہی ملت ابراہیمی اور یہی حقیقی اسلام ہے یہی روح اور یہی باطنی احساس اور جذبہ ہے جس کو حاجی ان جلیل القدر ہستیوں کے مقدس اعمال اور قدیم دستوروں کے مطابق حج میں اپنے عمل اور کیفیت سے مجسم کر کے ظاہر کرتے ہیں۔ تمدن کے اس ابتدائی دور کی طرح وہ ان دنو ں بغیر سلے سادہ کپڑے پہنتے ہیں وہ خود کو حضرت اسماعیل علیہ السلام کی طرح خدا کے حضور میں نذر کر نے جاتے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1