طلباء وطالبات جدید علوم و فنون پر دسترس حاصل کریں ، ڈاکٹر رفیق احمد

طلباء وطالبات جدید علوم و فنون پر دسترس حاصل کریں ، ڈاکٹر رفیق احمد

  

لاہور(اپنے خبر نگار سے)طلباء وطالبات جدید علوم و فنون پر دسترس حاصل کریں نئی نسل پاکستان اور تحریک پاکستان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرے۔ ان خیالات کا اظہار وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں طالبات کیلئے جاری نظریاتی تعلیمی انٹرن شپ پروگرام کے اختتام پر منعقدہ تقریب تقسیم انعامات کے دوران کیا اس پروگرام کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر بیگم مہناز رفیع،پروفیسر ڈاکٹر پروین خان،پروفیسرڈاکٹر سیدہ حنا رضوی اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک ،نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ طلباوطالبات اپنی مکمل توجہ تعلیم پر دیں اور تحقیق و جستجو کی عادت اپنائیں۔ انٹرن شپ کا مقصدیہ ہے کہ آپ پختہ کار ہو کر میدانِ عمل میں نکلنے کی تیاری کریں۔

نئی نسل پاکستان کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کریں۔پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر طرح کے وسائل سے نواز رکھا ہے اور اس میں آگے بڑھنے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔ طلبا وطالبات اپنی علمی شخصیت کو برقرار رکھتے ہوئے فنّی شخصیت کو پروان چڑھائیں اور سماجی کاموں میں حصہ لیں۔ بیگم مہناز رفیع نے کہاآپ خوش قسمت طالبات ہیں کہ آپ کو یہاں نظریاتی تعلیم و تربیت فراہم کی گئی۔قائداعظمؒ اور مادرملتؒ نے اس حقیقت کو سمجھ لیا تھا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر تحریک پاکستان کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکتی لہٰذا انہوں نے خواتین کو بھی قیام پاکستان کی جدوجہد میں عملی طور پر حصہ لینے پر آمادہ کیا۔قائداعظمؒ کی خواہش تھی کہ خواتین ملکی تعمیر وترقی میں بھرپور حصہ لیں۔ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ اس انٹرن شپ پروگرام کا مقصد نئی نسل میں پاکستان سے محبت کے جذبے کو مزید پروان چڑھانا ہے۔ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کی سرگرمیوں کا مرکز ومحور بھی نئی نسلیں ہیں اور یہ ادارہ ان کی نظریاتی تعلیم و تربیت فراہم کرکے اہم فریضہ انجام دے رہا ہے۔قائداعظمؒ طلبہ کو ہمیشہ اس بات کی تلقین کرتے تھے کہ وہ مکمل توجہ اپنی تعلیم پر دیں۔ڈاکٹر سیدہ حنا رضوی نے کہا یہاں طالبات کی نظریاتی تعلیم و تربیت کا خاص اہتمام کیا گیااور طالبات کو بہترین ماحول میں تربیت فراہم کی گئی۔ یہاں دی گئی تربیت کی بدولت طالبات کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوا ۔ان طالبات کو بتایا گیا کہ پاکستان کیوں اور کیسے بنا اور اس کیلئے کتنی قربانیاں دی گئیں۔ انٹرن شپ کرنیوالی طالبات حمنہ شفیع، روبی عبدالحمید اور ماہ نور انجم نے کہا کہ ہم نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے بہترین ماحول میں ہمیں تربیت فراہم کی۔ہمیں تحریک پاکستان، دوقومی نظریہ اور قائداعظمؒ ،علامہ محمد اقبالؒ اور مادرملتؒ کے افکار و نظریات سے آگاہ کیا گیا۔ پروگرام کے آخر میں طالبات میں سرٹیفکیٹس اور انعامات تقسیم کیے گئے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -