وائرلیس کی مختلف پوسٹوں کو ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کیاگیا
لاہور(کرائم رپورٹر )محکمہ پولیس میں وائرلیس کی مختلف پوسٹوں کو ختم کرنے کے فیصلے کے حوالے سے محکمہ پولیس کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ وائرلیس بیس کی شدید قلت اور کمی کو پورا کرنے کے لئے میٹرو بس سروس، ناکوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں قائم وائرلیس پوسٹوں کو ختم کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیاہے۔ اس حوالے سے تمام خبریں حقائق کے برعکس اور بے بنیاد ہیں۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی ٹیلی مواصلات نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ وہ وائرلیس کنٹرول اوروائرلیس پوسٹیں جو ایک ہی بلڈنگ یا ناکوں پر ایک سے زیادہ تعداد میں نصب ہیں یا جو کافی عرصے سے استعمال نہیں ہورہیں اور کسی بھی طرح فعال نہیں ہیں ان کے بارے میں لاہور سمیت گوجرانوالہ، گجرات، نارووال اور سرگودھا کے فیلڈ افسران سے حتمی رائے ضرور مانگی گئی ہے۔