مناسک حج آج شروع ہونگے،14لاکھ سے زائد عازمین منٰی کی خیمہ بستی پہنچ گئے
مکہ مکرمہ (ڈویلپمنٹ سیل) اسلامی تاریخ کے1429ویں حج کے مناسک آج سے شروع ہوں گے۔ دنیا بھرسے آئے ہوئے14لاکھ سے زائد مسلمان اور سعودی عرب میں مقیم لاکھوں افراد لبیک الھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے مکہ شہر کے شمال مشرق میں چھ کلومیٹر کے فاصلہ پر واقع وادی منٰی میں قائم خیموں کے شہر میں گزشتہ رات سے ہی پہنچنا شروع ہو گئے جہاں وہ آج ظہر ‘ عصر ‘ مغر ب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے ۔سعودی حکومت نے لا کھوں مسلمانوں کی طرف سے حج کی ادائیگی کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔منٰی میں سب حاجیوں کو ان کے معلمین کے ذریعے خیمے الاٹ کر دئیے گئے ہیں۔پاکستان سے ایک لاکھ43ہزار سے زائد عازمین حج مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں ۔پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین حج کی معاونت ‘رہنمائی اور فلاح و بہبود کے لئے 1600اہلکاروں پر مشتمل عملہ تعینات کر دیا گیا ہے ۔سعودی ولی عہد وزیر داخلہ اور سپریم حج کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ محمد بن نائف نے خبردار کیا ہے کہ سعودی حکومت حج کی حرمت اور عازمین حج کی سیکورٹی کو متاثر کرنے والی کسی بھی سرگرمی اور حج کے اجتماع کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے اور اس موقع پر کسی قسم کی نعرے بازی یا مظاہرے کی اجازت نہیں دے گی ۔ سعودی سیکورٹی فورسز کسی بھی دہشت گرد گروہ یا فرد کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں ۔ انہوں نے عازمین حج کو بھی ہدایت کی کہ وہ سیاسی پروپیگنڈہ یا حج کی حرمت کو متاثر کرنے والی کسی بھی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں۔انہوں نہ بتایا کہ حج کے موقع پر سیکورٹی اور امن و امان یقینی بنانے کے لئے مکہ مکرمہ او ر مشاعر مقدسہ میں ایک لاکھ سیکورٹی اہلکار تعینات کر دئیے گئے ہیں ۔
حج شروع