عیدالاضحی کے ایام میں قربانی اطاعت، فرمانبرداری اور صبر واستقامت کا درس دیتی ہے: حافظ سعید

عیدالاضحی کے ایام میں قربانی اطاعت، فرمانبرداری اور صبر واستقامت کا درس ...

لاہور(این این آئی )امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسلمان اپنے دلوں میں جذبہ ابراہیمی پیدا کریں، عیدالاضحی کے ایام میں قربانی اطاعت، فرمانبرداری اور صبرواستقامت کا درس دیتی ہے، قربانی کرنا سنت ابراہیمی ہے،عشرہ ذوالجج میں تکبیرات کثرت سے پڑھنی چاہئے،جماعۃ الدعوۃ عیدالاضحی پر امسال بھی کروڑوں روپے مالیت کے جانور قربان کرے گی،عید الاضحی کی خوشیوں میں مظلوم کشمیری مسلمانوں کو بھی شریک کیا جائے گا،بھارت شدید ترین کرفیو،مظالم کے باوجودکشمیریوں کی تحریک نہیں دبا سکا،پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے اور انہیں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز القادسیہ چوبرجی میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ہزاروں مردو خواتین نے ان کی امامت میں نماز جمعہ ادا کیا۔حافظ محمد سعید نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی پوری زندگی آزمائشوں اور اللہ کی رضا کیلئے پیش کی جانے والی قربانیوں سے عبارت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو ایک شاندار کردار کے طور پر پیش کیا ہے اور قرآن پاک میں ان کی قربانیوں کے تذکرے کئے ہیں تاکہ بعد میں آنے والے لوگ ان کے اسوہ پر چلنے کی کوشش کریں۔ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنا محاسبہ کرے‘ اللہ کے ساتھ تعلق مضبوط بنائے اور دین اسلام کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہے ۔ اللہ تعالیٰ جانوروں کی قربانی کے ساتھ ساتھ حضرت ابراہیم علیہ السلام والا اطاعت و فرمانبرداری کا جذبہ بھی مسلمانوں میں دیکھنا چاہتا ہے۔قربانی کے واقعہ سے اللہ تعالیٰ نے امت مسلمہ کو درس دیا کہ جب ابراہیم ؑ جیسے اطاعت کے جذبے ہوں گے تو پھر لڑائی جھگڑے اور فرقہ واریت ختم ہو گی۔

مزید : صفحہ آخر