تحریک انصاف کے رائیونڈ احتجاج میں جماعت اسلامی شرکت نہیں کریگی، سراج الحق

تحریک انصاف کے رائیونڈ احتجاج میں جماعت اسلامی شرکت نہیں کریگی، سراج الحق

  

نوشہرہ (بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ 24 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف کے رائیونڈ احتجاج میں جماعت اسلامی شرکت نہیں کریگی۔ جماعت اسلامی نے ایک سال قبل کرپشن فری پاکستان تحریک کا آغاز کر چکی ہے۔ جماعت اسلامی 29 ستمبر کو کرپشن، لاقانونیت اور پانامہ لیکس کے خلاف فیصل آباد میں بھرپور قوت کا مظاہرہ کریگی۔رائیونڈ میں شریف برادران کی گھر کا گھیراؤ تحریک انصاف کا پارٹی فیصلہ ہے جس سے جماعت اسلامی کا کوئی سروکار نہیں۔ پاکستان میں لاقانونیت اور کرپشن کی وجہ سے سود کا کاروبار بڑھ رہا ہے تجارت ختم ہو رہی ہے۔پاکستان میں اسلامی حکومت کے نفاذ کے بغیر بینکوں سے سود کا نظام ، عدالتوں سے انگریز کا قانون ختم نہیں ہو سکتا۔تعلیمی ادارے مخلوط نظام تعلیم سے پاک نہیں ہو سکتے۔معاشرے میں اسلامی نظام کے بغیر عدل و انصاف قائم نہیں ہو سکتا۔ ہماری معیشت حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے تباہ ہو چکی ہے۔پاکستان کے حکمران آئی ایم ایف اورورلڈ بینک کے قرضوں میں پاکستان کو جھکڑتے جا رہے ہیں۔ گذشتہ ایک سال میں پاکستان نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے نو ارب ڈالر کا قرضہ لیا ہے۔ پاکستان کا بچہ بچہ ایک لاکھ سات ہزار روپے کا مقروض ہے۔ ملک میں قائم ہونے والے خیراتی تعلیمی اور طبی ادارے غریب عوام کے لئے امید کی واحد کرن ہے۔پبی میں قائم ہونے والا ڈاکٹر ظہور آئی ہسپتال سے اس علاقے کی عوام کو صحت کے حوالے سے بہتر سہولیات کم قیمت پر دستیاب ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبی میں نجی شعبے میں قائم ہونے والے ڈاکٹر ظہور آئی ہسپتال کے افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب کی صدارت پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر حاجی نور محمد نے کی۔ تقریب میں امیر جماعت اسلامی صوبی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان، مرکزی رہنما آصف لقمان قاضی ، معروف ماہر امراض قلب ڈاکٹر عبدالمالک ، جماعت اسلامی ضلع نوشہرہ کے امیر حاجی انوارالاسلام، ضلع نائب ناظم اعلیٰ نوشہرہ حاجی اشفاق احمد ، سینا سکول اینڈ کالج کے منیجنگ ڈائریکٹر غلام نبی سینا اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے فیتہ کاٹ کر ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر خالد نے مہمان خصوصی کو ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ایک سال قبل کرپشن فری پاکستان کے نام سے کرپشن کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے۔ جس میں جماعت اسلامی نے ٹرین مارچ بھی کیا۔ ریلیاں اور جلسے بھی کئے۔ اور 29 ستمبر کو فیصل آباد میں کرپشن کے خلاف ، پانامہ لیکس کے خلاف بہت بڑا جلسہ ہوگا۔رائیونڈ جلسہ تحریک انصاف کا اپنا پارٹی فیصلہ ہے۔ اگر چہ پارلیمنٹ میں تمام اپوزیشن ایک ہے۔ حکومت کو ایک ہی ٹی او آرز دئے ہیں۔مگر باہر ہر پارٹی آزاد ہے۔اگر عمران خان نے24 ستمبر کو رائیونڈ جانے کا جو اعلان کیا ہے وہ ان کا اپنی فیصلہ ہے۔ جماعت اسلامی29 ستمبر کو فیصل آباد میں جلسہ کریگی۔دیگرمقررین نے کہا کہ ڈاکٹر ظہور آئی ہسپتال شہید ڈاکٹر ظہور االاسلام کی یاد اور اس کے روح کے ایصال کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ جس سے ضلع نوشہرہ کی وسیع آبادی مستفید ہوگی۔ہسپتال میں کم خرچ پر اعلیٰ طبی سہولیات کی فراہمی کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ اول -