الخدمت قربانی کا گوشت ضرورت مندوں کو پہنچائے گی ، مشتاق مانگٹ

الخدمت قربانی کا گوشت ضرورت مندوں کو پہنچائے گی ، مشتاق مانگٹ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ضرورت مندوں ،یتیموں اور بیواؤں کو فی سبیل اللہ قربانی کا گوشت پہنچائے گی جس کیلئے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ،قربانی کا گوشت نہ صرف شہری بلکہ دور دراز علاقوں میں مستحقین تک پہنچایا جائے گا ۔یہ بات الخدمت فاؤنڈیشن پاکستا ن کے جنرل ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے قربانی پراجیکٹ کے تحت عیدا لا ضحی کی تیاریوں کے حوالے سے شعبہ سماجی خدمات کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہی،اجلاس میں نیشنل ڈائریکٹر عامر محمود چیمہ سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔ عامر محمود چیمہ نے قربانی پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگا ہ کیا ۔ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ نے کہا کہ قربانی پراجیکٹ الخدمت فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے ۔گزشتہ کئی دہائیوں کے تجربے سے جو تلخ حقائق سامنے آئے کہ ہمارے ہی ملک میں بہت بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جنہیں سال میں صرف عید الاضحی کے مو قع پر ہی گوشت نصیب ہوتا ہے۔الخدمت ملک بھر میں موجود رضاکاروں کے منظم نیٹ ورک کی بدولت دور دراز علاقوں میں قربانی کا گوشت پہنچانے کا بندوبست کرتی ہے۔ گزشتہ سال بھی الخدمت نے سیلاب ، زلزلے سے متاثرہ اور فاٹا کے بے گھر افراد ،گلگت بلتستان ، آزادکشمیر، خیبر پختونخوا،پنجاب، سندھ، بلوچستان سمیت ملک بھر میں قربانی کا گوشت تقسیم کیاجبکہ مجموعی طور پر2,032 بڑے اور822 چھوٹے جانوروں کی قربانی کی گئی۔ الخدمت قربانی پراجیکٹ میں قربانی کے ان جانوروں پر13کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ ہوئے جس سے مجموعی طور پر ملک بھر میں85 ہزار سے زائد خاندان مستفید ہوئے، عامر چیمہ نے بتا یا کہ الخدمت عید الاضحی پرقربانی کے گوشت کو موسمی اثرات سے بچانے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق مستحقین تک پہنچانے کے لئے لاہور، کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں قربانی کا اہتمام جدید سلاٹر ہاؤسز میں کر رہی ہے، جہاں قربانی، گوشت کی کٹائی اور پیکنگ کا کام ہائی جینک ماحول میں تجربہ کار عملے کی زیر نگرانی جدید مشینوں پر سر انجام دیا جائے گا ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -