عید تعطیلات، ٹرانسپورٹروں نے گاڑیوں کی خود ساختہ قلت پیدا کر دی، دگنے کرائے وصول

عید تعطیلات، ٹرانسپورٹروں نے گاڑیوں کی خود ساختہ قلت پیدا کر دی، دگنے کرائے ...

  

ملتان( سپیشل رپورٹر)عید الاضحی کی چھٹیاں شروع ،ٹرانسپورٹروں کی من مانیاں ،اوورچارجنگ کا سلسلہ عروج پرپہنچ گیا ۔ضلعی انتظامیہ نے انوکھی پالیسی اپناتے ہوئے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی پر معمور سیکرٹری آر ۔ٹی ۔اے (بقیہ نمبر54صفحہ12پر )

وڈسٹرکٹ آفیسر ٹرانسپورٹ کو ہوٹلوں پر چھاپے مارنے پر لگادیا ۔صوبائی حکومت کی پالیسی کے برعکس ضلع ملتان میں ٹرانسپورٹ کی ناقص سہولیات کے باعث مسافر سراپا احتجاج بن کر رہ گئے ۔تفصیل کے مطابق صوبہ بھر کی طرح ضلع ملتان میں بھی آج سے عید الاضحی کی چھٹیاں شروع ہورہی ہیں جس کے پیش نظر پردیسیوں کی اپنے گھروں میں عیدمنانے کیلئے جانے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔مذکورہ صورتحال کے پیش نظر ملتان میں جنرل بس اسٹینڈ سمیت شہر میں قائم دیگر ڈی کلاس ویگن اڈوں پر محکمہ ٹرانسپورٹ کا وجود نہ ہونے کے باعث ٹرانسپورٹروں کی من مانی ،بد تمیزی اور اوو چارجنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے ۔ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کے باعث ٹرانسپورٹروں نے گاڑیوں کو خودساختہ قلت پیدا کرتے ہوئے اڈے شارٹ کردیئے ہیں جس کی آڑ میں بے بس مسافروں سے دگنے کرائے وصول کرنے کے ساتھ ساتھ اوور لوڈنگ کا سلسلہ شروع کررکھا ہے ۔مذکورہ صورتحال کے باوجود ڈی سی او ملتان نے انوکھی پالیسی اپناتے ہوئے اپنے منظور نظر سیکرٹری آر ٹی اے و ڈسٹرکٹ آفیسر ٹرانسپورٹ کاشف ڈوگر کو مسافروں کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی بجائے ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کا فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے ہوٹلوں اور بیکرز پر چھاپے مارنے پر لگا دیا ہے ۔جس کے باعث متاثرہ حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ اس ضمن میں متاثرہ مسافروں کا کہنا ہے وزیر اعلی پنجاب صوبہ بھر میں عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے سرگر م ہیں لیکن ان کی پالیسی کے برعکس ملتان میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اور مسافروں کو ٹرانسپورٹروں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔متاثرہ حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب سے مذکورہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اصلاح احوال اور کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -