ڈھاکا فیکٹری میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی

ڈھاکا فیکٹری میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی
ڈھاکا فیکٹری میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی

  


ڈھاکہ(مانیٹرنگ ڈیسک)بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے نواح میں ایک گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد اکیس ہوگئی ہے۔ ستر سے زائد فراد جھلس کر زخمی بھی ہوگئے۔ بنگلہ دیشی اخبارڈیلی سٹار کے مطابق غازی پور کے انڈسٹریل ایریا میں آگ  صبح دس بجے کے قریب بوائلر پھٹنے سے لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، دھوئیں کے بادل بھی دور دور تک دکھائی دیئے ،اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ حکام موقع پر پہنچ گئے۔ رپورٹس کے مطابق واقعہ میں21افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ستر سے زائد زخمی بھی ہوگئے جنہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔

ڈھاکہ کے شمال میں واقع ٹونگی کے علاقے میں واقع فیکٹری میں دھماکے کے وقت تقریباُُ 100افراد کام کر رہے تھے ۔حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔

یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں فیکٹریوں میں آگ لگنے کے واقعات عام ہیں ، گزشتہ برس ڈھاکہ ہی میں  پلاسٹک فیکٹری میں بھی آگ لگنے سے 13افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 2012میں بھی ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے باعث 112ملازمین جاں بحق ہوئے تھے جبکہ 2013میں رانا پلازہ گارمنٹ کمپلیکس منہدم ہونے سے 1135افراد لقمہ اجل بن گئے تھے ۔

مزید : بین الاقوامی /اہم خبریں