تحصیل زہری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، کمسن طالب علم کو سکول جاتے ہوئے بے دردی سے قتل کر دیا گیا

تحصیل زہری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، کمسن طالب علم کو سکول جاتے ہوئے بے ...
تحصیل زہری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، کمسن طالب علم کو سکول جاتے ہوئے بے دردی سے قتل کر دیا گیا

  


کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) تحصیل زہری میں یونیفارم اور کتابیں خون سے رنگین ہوگئیں ،’’ ا.ب .پ.ت۔ ‘‘کہنے والی معصوم آواز کو گولیوں کی تڑتڑاہٹ نے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے خاموش کردیا ’’لب پہ آتی ہے دعابن کے تمنا میری .....زندگی شمع کی صورت ہو خدایا میری‘‘اس شعر کو زبان پر لاکر مستقبل کاخواب لئے اپنی درسگاہ کی جانب محو سفر کمسن طالب علم نادر (لوٹانی )زہری ولد جمعہ خان کوزہری میں بے دردی سے قتل کردیا گیا۔معصوم طالب علم نادر کو اس وقت مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ جب وہ معمول کی طرح آج جمعہ کی مبارک صبح کو اپنے گھر سے نکل کر سڑک پر اسکول جانے کے لئے کسی سواری کا انتظارکررہاتھا۔فائر کرتے ہوئے مسلح افراد نے اتنی لاتعداد گولیاں ان کی جسم میں پیوست کردیئے کہ موقع پر معصوم جان سے جان نکل گئی۔

معاملہ کیا تھا اس کا علم اللہ ہی کے پاس ہے ۔۔تاہم تعلیمی لحاظ سے پسماندہ علاقہ کے ایک معصوم بچے کو تعلیم کی رخت سفر میں جس بے دردی سے قتل کردیا گیا ہے۔ اس سے ہر روح کانپ اٹھی ، جس نے سنا درد محسوس کیا ۔ دریں اثناء جے یوآئی تحصیل زہری کے رہنماؤں مولانا عبداللہ حاجی واحد بخش مولانا عبدالغنی مولانا امان اللہ حاجی محمد رحیم زہری عبدالحمید زہری نے اپنے بیان میں اس سفاکیت اور بے رحمی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سفاکیت نے اسکول جانے والے ایک کمسن اور معصوبچے کی جان لے لی ۔انتظامیہ فوری طور پر قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے

مزید : کوئٹہ