غیر قانونی ،نان رجسٹرڈ اور غیر نمونہ نمبر پلیٹوں والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

غیر قانونی ،نان رجسٹرڈ اور غیر نمونہ نمبر پلیٹوں والی گاڑیوں کے خلاف کریک ...
غیر قانونی ،نان رجسٹرڈ اور غیر نمونہ نمبر پلیٹوں والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہو ر(خبر نگار خصوصی )وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی خصوصی ہدیات پر صوبائی دارلحکومت میں غیر قانونی ،نان رجسٹرڈ اورغیر نمونہ نمبر پلیٹوں والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن شروع کر دیا گیا ہے اس گرینڈ آپریشن کا آغاز ملکی تاریخ میں پہلی بار اعلیٰ سرکاری حکام ،سیاسی رہنماؤں اور عدالتی و سول افسروں کی گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ اور وارننگ سے کیا گیا ہے۔اعلیٰ سرکاری افسران کی رہائشی بستی جی او آرون میں کارروائی شروع کر کے سرکاری نمبر پلیٹوں والی گاڑیوں کو داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔ اس بارے میں تفصیلات گزشتہ روز صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سنئیر ممبر سلمان صوفی نے مشترکہ پریس کانفرنس اور پاکستان سے خصوصی گفتگو کے دوران بتائیں۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر) میں پریس کانفرنس میں سیکرٹری ایکسائز ڈاکٹر احمد بلال، ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل بھی موجود تھے۔سلمان صوفی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہم نے گزشتہ روز سے جی او آر میں غیر نمونہ نمبر پلیٹوں والی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے خلاف کاررائی شروع کی ہے اس دوران ایوان وزیر اعلیٰ کے اعلیٰ حکام ،بیوروکریٹس،جج صاحبان سمیت دیگر افسروں کی گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں ٹھیک کروائی گئیں یا انہیں وارننگ دی گئی اس دوران شہر بھر میں 2ماہ کے دوران 250گاڑیوں کے بااثر مالکان کو وارننگ دی گئی 50823گاڑیاں بند کی گئیں 68045گاڑیاں اور موٹر سائیکلوں کو انتباہی مراسلے تھمائے گئے۔رنگین شیشے لگانے والی89869گاڑیوں کے چالان کر کے سٹیکر اتار دیئے گئے جبکہ نیلی بتی یا ہوٹر لگا کر پھرنے والی 26گاڑیوں کو تھانے میں بند کردیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلی بار اس غیر قانونی دھندے کے خلاف اپنے گھر سے صفائی مہم کا آغاز کیا ہے پہلے موٹر سائیکل سوار کو روکا جاتا تھا اور لینڈ کروزر کو باعزت جانے کی اجازت مل جاتی تھی ہم نے اس روایت کو یکسر بد ل دیا ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے تما م سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ افسران کو جب کہ آئی جی پولیس نے اپنے ماتحت ڈی آئی جیز ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو مراسلے بھجوائے ہیں کہ فوری طور پر اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹیں نمونے کے تحت تیار کر وا لیں ہوم سیکرٹری پنجاب نے بھی اسی طرح ماتحت افسروں کو مراسلے جاری کیے ہیں ۔سلمان صوفی کا کہنا تھا کہ میر ی اعلیٰ حکام سے بالخصوص اور تمام وہیکل مالکان سے بالعموم گزارش ہے کہ وہ اس قومی مہم میں ہمارے ساتھ تعاون کریں ہم نے اس سلسلہ میں آگاہی مہم بھی شروع کی ہے بنیرز ،پوسٹرز لگائے ہیں ۔وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق 30اکتوبر تک ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جاری کردہ نمبر پلیٹیں آویزاں نہ کرنے والوں کی گاڑیاں بند کر دی جائیں گی۔غیر نمونہ نمبر پلیٹیں بنانے والوں کو بھاری جرمانے اور قید کی سزائیں دی جائیں گی۔گاڑی مالکان کو 3سے5لاکھ روپے جرمانہ کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈائریکٹر ریجن سی محمد آصف کو کسی قسم کی خلاف ورزی کے حوالے سے فون نمبر 0315 3151111یا99211397پر برائے راست اطلاع کی جا سکتی ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران میاں مجتبیٰ شجا ع الرحمن نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا واحد صوبہ ہے جہاںنیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے سب سے تیزی سے کام ہو رہا ہے ، نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہی جعلی اوربغیر نمونہ نمبرپلیٹوں کی روک تھا م کو یقینی بنا یا جا رہا ہے ۔ اس سلسلے میں جعلی نمبر پلیٹوں کے حوالے سے جاری کر دہ آرڈیننس نافذکر دیاگیا ہے ، اس آرڈیننس کو عید کے فوراً بعد اسمبلی سے بھی منظور کروالیا جا ئے گا ،اس آرڈیننس کے تحت جعلی نمبر پلیٹ کا استعمال کرنے والے کو 2سال قید اور 5لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔اس کیلئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، پنجاب پو لیس اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ مل کر کام کر رہے ہیں ،اس آرڈیننس پر عملدرآمدگی کا آغاز حکومت پنجاب نے سب سے پہلے اپنے گھر جی او آر سے کیا ہے جہاں بغیر نمونہ اور جعلی نمبرپلیٹس والی گاڑیوں کو کسی صورت داخلے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی سہولت کیلئے پر اپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کی آخری تاریخ میں ایک ماہ مزید توسیع کر دی گئی ہے اور اب آخری تاریخ 30ستمبر ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال دسمبر تک ڈیلر وہیکل رجسٹریشن کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع میں مکمل کر لیا جائے گا۔انسداد منشیا ت کا منصوبہ پو ری کامیابی سے چل رہاہے لیکن اس کو مزید وسعت دینے کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ بات چل رہی ہے ۔آئندہ گاڑی کی نمبرپلیٹ مالک کے نام ہو گی ، نظام کو اتنا جدید کر دیا ہے کہ گاڑی فروخت کر تے وقت اس کے ذمہ تمام چالان کی ادائیگی کے بغیر اسے فروخت نہیں کیا جا سکے گا۔مو ٹر وہیکل رجسٹریشن کے دفاتر میں اگر کوئی ایجنٹ یا سرکاری اہلکار نمبرپلیٹیں دلوانے کیلئے رشوت لیتے پکڑے گئے تو ان کو گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ بغیر نمونہ اور جعلی نمبرپلیٹس کی روک تھام کیلئے ہر سطح پر عوامی آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے جس کے خاطرخواہ نتائج سامنے آئے ہیں اور صرف 15دنوں میںڈیڑھ لاکھ نئی نمبر پلیٹس صارفین کے گھروں تک پہنچائی جا چکی ہیں جو کہ وہ عرصہ دراز سے وصول کرنے ہی نہیں آرہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ گاﺅں میں نمبر پلیٹس پہنچانے میں مشکلات پیش آرہی تھیں لیکن اس کیلئے بھی نادراسے بات ہوگئی ہے اور قومی شناختی کارڈ پر دئیے گئے پتہ کو ہی ترجیح دی جائے گی ۔ اس کیلئے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، ٹی سی ایس اور پنجاب پو لیس کے لو گ مل جل کر کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہری 30اکتوبر تک نمبر پلیٹ بنوا لیں اس کے بعد سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

مزید :

لاہور -