ریون انرجی نے سروس انڈسٹریز میں اپنے نئے منصوبے کا اعلان کر دیا
لاہور (کامرس رپورٹر)ریون انرجی لمیٹڈ نے گزشتہ روز سروس انڈسٹریز لمیٹڈ (ایس آئی ایل)میں اپنے نئے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔ 1000 کلو واٹ سولر انرجی سسٹم سے توانائی کے اخراجات میں کافی حد تک بچت کی فراہمی کے ساتھ سالانہ 517 ٹن کاربن کی کمی متوقع ہے۔ یہ سولر پلانٹ ڈاؤن ٹائم (وقفہ) کے دوران اضافی توانائی گرڈ کو فروخت کرے گا۔ پلانٹ کا افتتاح آج سروس فیکٹری مریدکے میں ہوا۔ اس ماحول دوست منصوبے کے لئے ایک رسمی افتتاحی تقریب لاہور کے قریب مریدکے میں سروس انڈسٹریز میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سروس انڈسٹریز لمیٹڈ (ایس آئی ایل) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر سعید اور جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر، پولینڈ سے جوتے ساز کمپنی Caprice کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جرگن کولش کے ہمراہ موجود تھے۔
سروس انڈسٹریز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر سعید نے کہا کہ 1000 کلو واٹ سولر توانائی کا نظام توانائی کی لاگت اور کاربن کے اخراج میں کافی حد تک کمی فراہم کرے گا ۔ ہمیں امید ہے کہ یہ اقدام کاروباری اداروں کے درمیان ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں شعور اجاگر کرے گا اور پاکستان کی برآمدی صنعت کے ذہنوں میں تبدیلی لائے گا۔