فیصل آباد چیمبرتاجر اور صنعتکار برادری کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے،میاں ادریس

فیصل آباد چیمبرتاجر اور صنعتکار برادری کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے،میاں ادریس

فیصل آباد(آن لائن) پاکستان ایوان صنعت و تجارت کے سابق صدر نیشنل گروپ کے راہنما میاں محمد ادریس نے کہا ہے کہ ملکی سطح پر تاجر سیاست میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی منفرد شناخت کو تسلیم کرانے کے سلسلہ میں یہاں کی تاجر اور صنعتکار برادری کو طویل جدوجہد کرنا پڑی، فیصل آباد چیمبر اس شہر کی تاجر اور صنعتکار برادری کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے جہاں مل بیٹھ کر مسائل کو حل کیا جاتا ہے۔ اس منتخب ادارے کو متحرک اور فعال بنانے کیلئے اس کی قیادت اہل اور ایماندار افراد کے ہاتھوں میں ہی ہونی چاہیئے۔ یہ بات نیشنل گروپ کے راہنما میاں محمد ادریس نے اولڈ موٹرپارٹس مارکیٹ جھنگ روڈ کے سرپرست اعلیٰ سیٹھ طفیل کی طرف سے نیشنل گروپ کے نامزد امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ شروع سے ہی اس ادارے پر ایک خاندان کی اجارہ داری تھی جبکہ ہم نے نیشنل گروپ کے پلیٹ فارم سے اس خاندان کی اجارہ داری کو نہ صرف ختم کیا بلکہ اس کو تاجروں اور صنعتکاروں کی منتخب پارلیمنٹ کے طور پر متعارف کرایا

جہاں آج اس شہر کے لوگ نہ صرف اپنے مسائل حل کرنے کیلئے بلکہ قومی سطح پر وفاقی بجٹ اور پالیسی سازی میں بھی حکومت کی معاونت کررہے ہیں۔ انہوں نے ٹیکسٹائل کے وزیر مملکت حاجی محمد اکرم انصاری کے دورہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل کیلئے 7 دنوں میں تجاویز طلب کیں جس پر صدر چیمبر انجینئر محمد سعید شیخ نے تمام سیکٹرز سے مشاورت کے بعد مشترکہ تجاویز انہیں پیش کردی ہیں اور توقع ہے کہ ان پر بہت جلد عملدرآمد بھی شروع ہو جائیگا۔ انہوں نے مختلف سیکٹرز اور ٹریڈکے راہنماؤں سے کہا کہ وہ اپنے متحرک ، فعال اور ویژنری نوجوانوں کو چیمبر بھیجیں تا کہ ان کے ذریعے نہ صرف ان کے سیکٹر کی بہتر طور پر نمائندگی ہو سکے بلکہ تاجر اور صنعتکار برادری کے اجتماعی مسائل کو بھی حل کیا جا سکے۔#/s#

*****

مزید : کامرس