قسمت مہربان ہوتوشوبز میں نام کمانا مشکل نہیں:دیدار

لاہور(فلم رپورٹر)سٹیج ڈراموں کی نامور اداکارہ دیدار نے کہا ہے کہ محنت اور لگن کے ساتھ اگر قسمت بھی مہربان ہو تو شوبز میں نام کمانا مشکل نہیں ،اگر کسی بھی فنکار میں ٹیلنٹ موجود ہو تو دنیا کی کوئی طاقت اس کے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتی ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اداکاری و ڈانس کا فن مجھے ورثے میں ملا ہے اور اپنی بڑی بہن نرگس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے ۔انہوں نے کہاکہ میں بنیادی طور پر اداکارہ کے ساتھ ساتھ اچھی ڈانسر بھی ہوں ۔ ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ ابھی تمام تر توجہ اپنے کیرئیر پر مرکوز ہے جب خدا کو منظور ہوا تو شادی بھی ہو جائے گی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ دنیا میرے کام کو اچھی طرح جانتی اور پہچانتی ہے اس لئے مجھے کسی سے سرٹیفیکیٹ کی ضرورت نہیں ہے تاہم اگر کوئی مجھ سے اچھی ڈانسر اور فنکارہ ہے تو اس کے فن کی قدر کرتی ہوں ۔