این اے 120کے ووٹروں نے یاسمین راشد کو کامیاب کرانے کی ٹھان لی :تحریک انصاف

این اے 120کے ووٹروں نے یاسمین راشد کو کامیاب کرانے کی ٹھان لی :تحریک انصاف

لاہور(سروے۔لیڈی رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے حلقہ این اے 120کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم چلانے والے پی ٹی آئی کے عہدیداروں یاسر گیلانی‘ عدنان سہیل‘ سیف اللہ خان‘ چودھری زاہد‘ ارشاد سیٹھی‘ زوہیب افتخار‘ بلال مغل‘ میاں احسن اور عمیر نے ’’پاکستان کے سروے ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس حلقہ کے ایک ایک گھر کا ڈاکٹر یاسمین راشد اور یاسر گیلانی کی قیادت میں دورہ مکمل کر لیا ہے اور ہمیں اس ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم کے دوران وہ ووٹرز جو کہ کبھی (ن) لیگ کے ہوا کرتے تھے انہوں نے بھی خاموش یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ 17ستمبر کو یاسمین راشد کو ووٹ دیں گے اور ہمیں یقین ہے کہ اس ضمنی الیکشن میں (ن) لیگ کے باشعور ووٹرز بھی یاسمین راشد کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم جس بھی گھر کے دروازے پر جاتے تھے تو ہمیں وہاں کے رہائشی یہ کہتے تھے کہ آپ نے تو ہمیں اس قابل سمجھا ہے کہ ہمارے دروازے پر ہم سے ووٹ مانگنے آئے ہیں لیکن (ن) لیگ والے تو اتنی زحمت بھی گوارا نہیں کرتے اور وہ ہمیں تو یہ سمجھتے ہیں کہ جیسے ہم ان کے کوئی غلام ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران حلقہ کے ووٹرز کا یہ بھی شکوہ تھا کہ ہمارے ووٹوں سے نواز شریف وزیراعظم بنے لیکن جب وہ وزیراعظم بنے تو انہوں نے ہمیں پینے کا صاف پانی تک فراہم نہ کیا جب بارش ہوتی ہے تو ہمارا گھروں سے نکلنا مشکل ہو جاتا ہے کئی کئی دن تک بارشی اور سیوریج کا پانی ہمارے گھروں کے آگے کھڑا رہتا ہے اور ان کو اتنی بھی توفیق نہیں ہوتی کہ یہ ہماری گھروں کے سامنے سے صفائی ہی کروادیں۔انہوں نے کہا کہ حلقہ کے ووٹرز کی طرف سے یہ شکایات بھی تھیں کہ مریم نواز ایک بڑے لاؤ لشکر کے ساتھ بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھ کر سیریں کررہی ہیں لیکن ہمارے گھروں میں آ کر ہم سے ووٹ مانگنے میں انہیں شرم آ رہی ہے اگر انہیں شرم آتی ہے تو ہم بھی ان کو ووٹ نہیں دیں گے اور ووٹ ہم صرف عمران خان کو ہی دیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1