عدلیہ کے خلافمحاذ کھولنے والے عوامی عدالت میں بھی مسترد ہونگے،عبدالعلیم خان سرکاری مشینری کے بل بوتے پر بڑھکیں مارنے والوں کو منہ کی کھانی پڑے گی

عدلیہ کے خلافمحاذ کھولنے والے عوامی عدالت میں بھی مسترد ہونگے،عبدالعلیم ...

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ اب صرف حلقہ این اے 120میں ہی نہیں عوام ملک بھر میں سیاسی فرعونوں کو شکست دینے کیلئے تیار ہیں،انہوں نے کہا کہ عدلیہ کیخلاف محاذ کھولنے والے عوام کی عدالت میں بھی مسترد ہونگے اور انہیں ہر گز ووٹ نہیں ملیں گے عبدالعلیم خان نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری مشینری کے بل بوتے پر بڑھکیں مارنے والوں اور ان کے حواریوں کو منہ کی کھانا پڑے گی اور عوام کرپشن کے الزامات میں اقتدار کے ایوانوں سے نکلنے والوں کو دوبارہ ہر گز موقع نہیں دیں گے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کامیاب جلسے نے ثابت کردیا ہے کہ لوٹ مار کا مال غیر ملکوں میں جمع کرنے والوں کا سیاسی مستقبل ختم ہوچکاہے اور عوام کرپٹ مافیاسے جان چھڑانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی پر شور مچانے والے ملکی آئین اور قانون کیخلاف محاذ آرائی کرکے اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،مریم نواز اور ان کے حواری مظلومیت کا رونا روکر عوام کی نظروں میں دھول نہیں جھونک سکتے، لوگ کرپٹ ٹولے سے ایک ایک پائی کا حساب لئے جانے کے منتظر ہیں،عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف کی باقیات ابھی تک اپنی روش بدلنے کو تیار نہیں، اداروں کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے استعمال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جارہی،ایف آئی اے میں 17من پسند افسروں کی تقرریاں اس بات کا ثبوت ہے کہ نواز خاندان کا بس چلے تو ہر محکمے میں ریموٹ کنٹرول سے چلنے والے روبوٹ افسربھرتی کرلیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1