محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیر اہتمام ہفتہ وار ادبی بیٹھک
لاہور(پ ر) پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج، آرٹ اینڈ کلچر(پلاگ) ، محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کی طرف سے ہفتہ وار پنجابی بیٹھک کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت معروف شاعر کرامت بخاری آڈیٹر جنرل پنجاب نے کی جبکہ مہمان خصوصی معروف شاعر عباس مرزا تھے۔ ہجویری بھٹی نے نظم اور محمد ارشاد سندھو نے غزل پیش کی۔ اس کے بعد یوم دفاع کے حوالے سے خصوصی مشاعرہ ہوا۔ جن شعراء نے اپنا کلام پیش کیا ان میں حسین مجروح، ہارون عدیم، اقبال راہی، جاوید شیدا، ملک سلیم اختر، افضل عاجز، الطاف ضامن چیمہ، راجا نیر، ڈاکٹر فخر عباس اور انیس احمد شامل تھے۔ پروگرام کے آغاز میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صغرا صدف نے بتایا کہ پنجابی بیٹھک کا اہتمام ہر جمعرات کو کیا جائے گا جس میں مختلف شہروں سے شعراء کو مدعو کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ لیکچر اور کانی بھی پروگرام کا حصہ ہوں گے جبکہ مہینے میں ایک جمعرات کو ایک شاعر کے ساتھ خصوصی نشست رکھی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ بیٹھک کے ذریعے پنجاب کے تمام شہروں، کہانی کاروں اور دانش وروں کو مدعو کیا جائے تاکہ پورے پنجاب کی نمائندگی ہو سکے۔ مشاعرے میں نظامت کے فرائض خاقان حیدر غازی نے سر انجام دیئے اور اپنا کلام بھی سنایا۔