تحریک انصافکے جلسے میں خواتین کی کم تعداد میں شرکت،قیادت پریشان

تحریک انصافکے جلسے میں خواتین کی کم تعداد میں شرکت،قیادت پریشان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( دیبا مرزا سے ) قرطبہ چوک میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی انتخابی مہم کے سلسلے میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے جلسہ میں پی ٹی آئی کی خواتین کی تعداد انتہائی کم ہونے پر تحریک انصاف کی پارٹی قیادت میں تشویش کی لہر دوڑ گئی اور پی ٹی آئی کی اعلی ٰ قیادت اس ایشو پر سر پکڑ کر بیٹھ گئی ہے کہ خواتین جو کہ پی ٹی آئی کی عوامی طاقت میں انتہائی اہمت کی حامل ہیں ان کی گزشتہ روز کے اس عوامی جلسہ میں تعداد گنتی کے لحاظ سے مشکل سے100 خواتین کے قریب کیوں تھی۔ خواتین کی تعداد کم ہونے کے بارے میں پی ٹی آئی کے اندر یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان کی جانب سے جن خواتین کو پنجاب تنظیم میں اور شعبہ خواتین میں مختلف عہدے دیے گئے وہ اکیلے اکیلے ہی جلسہ گاہ میں آئیں اور سٹیج پر براجمان ہو کر بیٹھ گئیں اور انہوں نے خواتین ورکرز کو ساتھ لانا مناسب ہی نہیں سمجھا ۔پی ٹی آئی کے ذرائع نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا ہے کہ اب تک عمران خان کے جتنے بھی عوامی جلسے ہوئے ہیں تو ان جلسوں میں خواتین تعداد کے لحاظ سے کسی بھی طرح سے مردوں سے کم نہیں ہو اکرتی تھیں لیکن گزشتہ روز کے جلسے میں خواتین کی انتہائی کم تعداد پی ٹی آئی کے اندر موضوع بحث بن کررہ گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ایشو پر یاسمین راشد بھی پریشانی کا شکار ہیں ۔یہاں پر یہ امر قابل ذکر ہے کہ جس وقت عمران خان ڈائس پر تقریر کرنے کے لئے آئے تو جو تھوڑی بہت خواتین جلسہ گاہ میں موجو د تھیں انہوں نے بھی جلسہ گاہ سے واپس گھروں کو جانا شروع کردیا تقریر کے اختتام کے وقت گنتی کی ہی خواتین جلسہ گاہ میں رہ گئی تھیں ۔