بھارتی فوج کی بربریت جاری ،سو پور میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا گیا

بھارتی فوج کی بربریت جاری ،سو پور میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا گیا

سرینگر(آن لائن)مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجی کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے ،سوپور میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا گیا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے سینئر مزاحمتی رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کو نئی دلی میں بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز کی طرف مارچ سے روکنے کیلئے نظر بند کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے این آئی اے کی کشمیریوں کے حوالے سے ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف احتجاج کیلئے نئی دلی میں اسکے ہیڈکوارٹرز میں آج رضاکارانہ گرفتاری دینے کا اعلان کر رکھا تھا۔بھارتی پولیس نے محمد یاسین ملک کو جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب سرینگر میں انکی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا جبکہ سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق پہلے سے گھروں میں نظر بند ہیں۔ قابض انتظامیہ نے حریت رہنماؤں کی گرفتاری اور این آئی اے کی خوف و دہشت کی لہر کے خلاف لوگوں کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے سرینگر کے نوہٹہ، مہاراج گنج ، صفا کدل ، خانیار، مائسمہ اور رینہ واری تھانوں کی حدود میں آنے والے علاقوں میں پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔ دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران سوپور کے علاقے ربن میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ فوجی آپریشن کیخلاف علاقے میں زبردست مظاہرے پھوٹ پڑے۔ قابض بھارتی فورسز کے اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان زبردست جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی آپریشن اور احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری تھا۔ ادھر بھارتی فورسز نے شوپیاں اور کولگام اضلاع کے 20سے زائد دیہات میں بھی محاصرے اور تلاشی کی ایک بڑی کارروائی شروع کر دی ہے۔

مزید : عالمی منظر