ہلیری کے بارے میں معلومات کے لیے روسی وکیل سے ملاقات کی،ٹرمپ جونیئر

ہلیری کے بارے میں معلومات کے لیے روسی وکیل سے ملاقات کی،ٹرمپ جونیئر

واشنگٹن(این این آئی)امریکی اخبار نے بتایاہے کہ ٹرمپ جونیر نے تفتیش کار کو بتایا کہ انہوں نے جون 2016 کی ملاقات اس لیے طے کی تھی کیوں کہ ان کا خیال تھا کہ اس وکیل کے پاس ممکن ہے ،کلنٹن کی صحت، کردار یا قابلیت کے حوالے سے کوئی معلومات ہو۔امریکی ٹی وی کے مطابق امریکی کانگریس کے تفتیش کار نے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر سے ان کے والد کی گزشتہ سال کی صدارتی مہم میں روس کی مداخلت کے بارے میں کئی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ٹرمپ جونیر نے تفتیش کار کو بتایا کہ انہوں نے جون 2016 کی ملاقات اس لیے طے کی تھی کیوں کہ ان کا خیال تھا کہ اس وکیل کے پاس ممکن ہے ،کلنٹن کی صحت، کردار یا قابلیت کے حوالے سے کوئی معلومات ہو۔کمیٹی کے ایک رکن سینیٹر رچرڈ بلومینتھل نے کہا کہ ٹرمپ جونیر سے ان کی پوچھ گچھ ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ جونیئر کو حلف کے تحت کھلم کھلا جوڈیشری کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر اسی قسم کے بہت سے سوالات کے جواب دینے کی ضرورت ہے ، کیوں کہ آج انہوں نے سوالات اٹھائے بھی ہیں، کیوں کہ حقائق کے بارے میں جواب دیتے ہوئے انہوں نے غالباً اس سے زیادہ سوال اٹھائے ہیں جتنے کہ انہوں نے جواب دیے ہیں۔

اخبار کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سب سے بڑے بیٹے نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اس ملاقات سے کچھ حاصل نہیں ہوا اور یہ کہ انہوں نے روسیوں کے ساتھ ان امریکی انتخابات میں مداخلت کے لئے کبھی کوئی ساز باز نہیں کی تھی جن میں ان کے والد آخر کار فتح یاب ہوئے تھے۔ٹرمپ انتخابی مہم کے دوران روسی مفادات کے ساتھ ساز باز کرنے کی تردید کر چکے ہیں۔توقع ہے کہ صدر کی صدارت کے پہلے مہینوں کو متاثر کرنے والی متعدد تفتیشی کارروائیاں، جن میں ایک خصوصی تفتیش شامل ہے، کئی ماہ تک جاری رہیں گی۔صدر ٹرمپ سے بھی کریملن سے منسلک اس وکیل سے ان کی ملاقات کے بارے میں پوچھا گیا جو مبینہ طور پر ڈیمو کریٹک حریف ہلری کلنٹن کے بارے میں نقصان دہ معلومات ان کے حوالے کرنے والا تھا۔

مزید : عالمی منظر