امیر قطر کا سعودی ولی عہد کوفون، مذاکرات کی خواہش کا اظہار
دوحہ (این این آئی)قطر کے امیر الشیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے سعودی عرب کے ولی عہد نائب وزیراعظم ووزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ولی عہد کے ساتھ بات چیت میں امیر قطر نے تمام تنازعات اور اختلافات مذاکرات کی میز پرحل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ امیر قطر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک بائیکاٹ کرنیوالے چار ممالک کے اعتراضات دور کرنے اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کی ضمانت پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امیر قطر کے فون کا خیر مقدم کیا اور ان کی جانب سے بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کے حل پرآمادگی کو سراہا۔دونوں رہ نماؤں کے درمیان طے پائے والے مفاہمتی امور کی تفصیلات جلد سامنے آجائیں گی۔امیر قطر اور ولی عہد کے درمیان ہونے والی بات چیت کے حوالے سے سعودی عرب متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کو اعتماد میں لے گا۔وائیٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیر قطر سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے ان پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں موثر کردار ادا کرنے، دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے اور انتہا پسندانہ نظریات کے خلاف مل کر لڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔