سرفراز الیون کو ہر شعبے میں سخت محنت کرنا ہوگی، عبدالقادر

سرفراز الیون کو ہر شعبے میں سخت محنت کرنا ہوگی، عبدالقادر
 سرفراز الیون کو ہر شعبے میں سخت محنت کرنا ہوگی، عبدالقادر

  

لاہور(سپورٹس رپورٹر) عبدالقادر نے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ الیون کے خلاف آنے والے خطرے سے پیشگی آگاہ کر دیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر کے مطابق گرین شرٹس کا مہمان سائیڈ کے خلاف 3 میچوں کی سیریز میں کامیابی کا حصول آسان نہیں ہوگا، ورلڈ الیون فاف ڈوپلیسی، عمران طاہر، ہاشم آملہ سمیت دنیا کے ممتاز پلیئرز پر مشتمل ہے، سیریز کا نتیجہ اپنے نام کرنے کیلیے سرفراز احمد الیون کو ہر شعبے میں سخت محنت کرنا ہوگی۔ان کہنا تھا کہ ورلڈ الیون کا پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے ساتھ موازنہ کیا جائے تو ورلڈ الیون کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے، سپر لیگ کے فائنل میں اکا دکا ہی انٹرنیشنل پلیئرز شامل تھے جبکہ ورلڈ الیون دنیا کے 7 ممالک کے موجودہ بڑے کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، اس ٹیم میں ایسے پلیئرز بھی شامل ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ایک سوال پر سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ورلڈ الیون کا پاکستان آنا خوش آئند ہے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی کوششیں کرتے ہوئے ہمیں کراچی کو ہرگز نہیں بھولنا چاہیے، اسی طرح انٹرنیشنل ٹیموں کو دوسرے سینٹرز میں بھی بلانا چاہیے۔عبدالقادر کا کہنا تھا کہ اب بھی اپنے پرانے موقف پر قائم ہوں کہ پاکستان میں مکمل امن کے بعد ہی انٹرنیشنل ٹیموں کوآنا چاہیے ، موجودہ چیئرمین پی سی بی نے خود دعوت دی تو ضرور جاؤں گا، ورنہ ٹی وی اسکرین پر ہی سیریز کے میچز سے لطف اندوز ہونے کو ترجیح دوں گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی