جعلی پاسپورٹ کے ذریعے یونان سے اٹلی جانے کی کوشش، 29گرفتار

جعلی پاسپورٹ کے ذریعے یونان سے اٹلی جانے کی کوشش، 29گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ایتھنز(این این آئی)یونانی حکام نے جعلی پاسپورٹوں کی مدد سے اٹلی جانے کی کوشش کرنے والے29 تارکین وطن گرفتار کر لیے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یونانی حکام نے بتایاکہ یونان سے اٹلی جانے والے ایک بحری جہاز پر جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے سفر کرنے کی کوشش کرنے والے کئی تارکین وطن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جعلی پاسپورٹوں کی مدد سے سفر کرنے کی کوشش کرنے کے یہ تازہ واقعات یونان کے مغرب میں واقع ایگومنیستا اور پاتراس نامی بندرگاہوں پر پیش آئے۔سکیورٹی حکام کے مطابق جہاز میں سوار ہونے والے مسافروں کی سفری دستاویزات کی پڑتال کے دوران اکیس ایسے تارکین وطن کو گرفتار کر لیا گیا، جو جعلی پاسپورٹوں کی مدد سے سفر کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔یونانی سرحدی محافظوں کے مطابق ان دنوں بحری جہازوں میں مسافروں کے رش کی وجہ سے ہر مسافر کی دستاویزات کی پڑتال نہیں کی جا سکتی۔ سکیورٹی حکام صرف شبے کی صورت ہی میں پڑتال کرتے ہیں۔ اسی لیے یہ بات بھی واضح نہیں ہے کہ ایسی دستاویزات کی مدد سے اب تک کتنے تارکین وطن مغربی یورپ پہنچنے میں کامیاب رہے ہیں۔موسم گرما کے دوران مختلف یورپی ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاح یونانی جزیروں کا رخ کرتے ہیں۔ اسی رش کی آڑ میں تارکین وطن کی جانب سے جعلی اور ترمیم شدہ سفری دستاویزات کی مدد سے مغربی یورپی ممالک جانے کی کوششوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ پیش آنے والے اس تازہ واقعیکے دوران یونانی سرحدی محافظوں نے جعلی پاسپورٹوں پر سفر کرنے والے انتیس تارکین وطن کو گرفتار کیا ۔مقامی پولیس کے مطابق اس رجحان میں اضافے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ یونان میں سرگرم انسانوں کے اسمگلروں نے جعلی سفری دستاویزات کی قیمتیں بھی کم رکھی ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق ایک جعلی پاسپورٹ کی قیمت نو سو سے لے کر پندرہ سو یورو تک بنتی ہے۔

مزید :

عالمی منظر -