اریبہ اغوا ء کیس، بازیابی کیلئے ماں سیشن عدالت پہنچ گئی

اریبہ اغوا ء کیس، بازیابی کیلئے ماں سیشن عدالت پہنچ گئی

لاہور(نامہ نگار)بی بی پاکدامن حاضری دینے کے لئے آنے والی 20سالہ اریبہ کو اغوا ء کے بعدزبردستی نکاح کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم عبدالرؤف کی ضمانت خارج کروانے اورلڑکی کی بازیابی کے لئے ماں ارشاد بی بی سیشن عدالت پہنچ گئی ۔سماعت کے موقع پر درخواست گزارجب اپنی بہن رخسانہ کے ہمراہ پیش ہوئی تواسی دوران لڑکی کی خالہ غم سے احاطہ عدالت میں بے ہوش ہوگئی تھی جسے فوری طور پر ہوش میں لانے کے لئے طبی امداد فراہم کی گئی۔ایڈیشنل سیشن جج شاہد بیگ کی عدالت میں قلعہ گجرسنگھ کی رہائشی ارشاد بی بی نے اپنی بیٹی اریبہ کی بازیابی اور ملزم عبدالرؤ ف کی ضمانت خارج کرانے کی درخواست دائر کی ہے ، عدالت میں درخواست گزارماں ارشاد بی بی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم عبدالرؤف نے اریبہ کو اغوا ء کیا اور بعد میں اس سے زبردستی نکاح کرلیاہے، لڑکی بھاگ کر گھر آئی تو عبدالروف لڑکی کو دوبارہ اغوا ء کرکے لے گیاہے،3ماہ سے لڑکی کاکچھ پتہ نہیں ہے،تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس نے مقدمہ تودرج کرلیا ہے لیکن بیٹی کوابھی تک بازیاب نہیں کرایا ہے ۔ عدالت سے استدعا ہے کہ اریبہ کو بازیاب کروایا جائے اور عبدالرؤ ف کی ضمانت کی درخواست بھی خارج کی جائے جس پرعدالت نے آئندہ سماعت پرتھانہ قلعہ گجرسنگھ پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

مزید : علاقائی