پولیس نامعلوم نعشوں کی شناخت کیلئے جدید طریقہ کار اپنانے میں ناکام ، میو ہسپتال مردہ خانہ میں 17نعشیں سوالیہ نشان

پولیس نامعلوم نعشوں کی شناخت کیلئے جدید طریقہ کار اپنانے میں ناکام ، میو ...

 لاہور (رپورٹ:شعیب بھٹی)انویسٹی گیشن ونگ لاہور پولیس کی روایتی نا اہلی سامنے آ گئی۔ انویسٹی گیشن ونگ شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی نا معلوم نعشوں کی شناخت کرنے میں ناکام رہا ہے ۔پولیس کی روایتی بے حسی کے باعث 17 نامعلوم نعشیں مردہ خانہ میں پڑی ہیں،تفتیش پر مامور افسران زحمت ہی گوارا نہیں کرتے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی نامعلوم نعشوں کی شناخت کے لئے کوئی عملی اقدامات اٹھائیں ۔سی سی پی او لاہور اور آئی جی پنجاب پولیس کی جانب سے محکمہ پولیس کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے دعوے محض بیانات تک ہی محدود دکھائی دیتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس کی جانب سے نامعلوم افراد کی نعشوں کی شناخت کے حوالے سے ابھی تک کوئی جامع لائحہ عمل طے نہیں پایا گیا، کس طرح متوفیان کے اہل خانہ تک پہنچا جائے ۔اخبارات میں اشتہار دینے کے علاوہ محکمہ پولیس کوئی عملی اقدامات نہیں کر سکی ہے۔ انویسٹی گیشن ونگ کو ابھی اس قابل ہی نہیں بنایا جا سکا کہ کہ وہ شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی نعشوں کے ڈی این اے ٹیسٹ لے کر نادراڈیٹا کولیکشن سسٹم کے ذریعے ان کے خاندان کا پتہ چلا سکے۔لواحقین اپنے پیاروں کی تلاش میں مارے مارے پھرتے ہیں لیکن انہیں پتہ ہی نہیں چلتا کہ ان کا عزیز دنیا فانی سے جا چکا ہے ۔پولیس کی جانب سے مرنے والے کو نشئی بتا کر معاملہ دبانے کی کوشش کی جاتی ہے ۔بتایا گیا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں سے ملنے والی نا معلوم نعشوں کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔ میو ہسپتال مردہ خانے میں پڑی 17 نعشیں تعفن پھیلانے لگیں جس کے باعث مردہ خانے کا عملہ شدید ذہنی اذیت کا شکار ہے۔ پولیس کسی ایک بھی نعش کی شناخت نہیں کر سکی ۔نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں منتقل کرنے کے بعد فائل بند کر دی جاتی ہے ۔مرنے والے کے قبضہ سے ملنے والی اشیاء کی مددد سے اس کے وارثان تک پہنچنے کی زحمت ہی نہیں کی جاتی ۔ گزشتہ ایک مہینے میں بھاٹی گیٹ کے علاقے سے تین ، مزنگ سے تین،لٹن روڈ سے دو، باٹا پور، مغل پورہ، ٹبی سٹی، شاہدرہ ٹاون، فیکٹری ایریا، اور اسلامپورہ سے ایک ایک نعش مردہ خانہ میں منتقل کی گئی۔ ان افراد کو لڑائی جھگڑے، گھریلو جھگڑے، روڑ ایکسیڈ نٹ اور مختلف بنا پر قتل کیا گیا تھا۔ پولیس تاحال لاشوں کی شناخت نہیں کر سکی۔اس حوالے سے انویسٹی گیشن پو لیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جا ر ی ہے متعد د نعشوں کی شنا خت کے لئے اخبارات میں اشتہا ر بھی دئیے گئے لیکن شنا خت نہ ہو سکی۔

مزید : علاقائی