بھار ت میں پناہ لیے چند روہنگیا مسلمانوں کو ملک سے نکالنے کا فیصلہ
نئی دہلی(این این آئی)بھارت کی حکومت نے میانمار کے مسلم روہنگیا پناہ گزینوں کو غیر قانونی تارکین اور ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے انھیں ملک سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق انڈیا نے روہنگیا پناہ گزینوں کو ملک سے باہر نکالنے کا فیصلہ کیا ہے جو کئی سالوں سے یہاں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ انڈیا کی حکومت نے روہنگیا کے خلاف برما کی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کی بھی حمایت کی ہے جبکہ بعض مبصرین کا خیال ہے کہ مودی روہنگیا کے توسط سے 'ہندو کارڈ' کھیل رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی مسلمانوں کے حوالے سے جب بھی کوئی سخت قدم اٹھاتے ہیں یا بیان دیتے ہیں، اس سے ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹی وی چینلوں پر روہنگیا پناہ گزینوں کو ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا جا رہا ہے، بحث و مباحثے میں بتایا جاتا ہے کہ ان پناہ گزینوں کا القاعدہ اور داعش جیسی دہشت گرد تنظیموں سے تعلق ہے اور وہ انڈیا میں دہشت گردی کا نیٹ ورک پھیلا رہے ہیں۔