الزامات کی بجائے گریبان میں جھانکیں، غیر ملکی فنڈنگ کا حساب دیں: احسن اقبال

الزامات کی بجائے گریبان میں جھانکیں، غیر ملکی فنڈنگ کا حساب دیں: احسن اقبال

نارووال(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ معیشت سے متعلق عمران خان کا بیان پڑھ کر حیرانگی ہوئی آج ملکی معیشت ترقی کی بلند ترین سطح پر ہے، ملک میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی خوش آئند ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کے عدالتی فیصلے سے سٹاک ایکسچینج کو اربوں کا نقصان ہوا، اس فیصلے سے اور ہماری معیشت کو نقصان پہنچا مگر آج پھر سے ملکی معیشت ترقی کر رہی ہے اور عمران خان کے معیشت سے متعلق بیان پر حیرت ہو ئی، ان کو پتہ ہونا چاہئے کہ ہمارے دور میں ملکی سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچی، احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کو غیر ملکی فنڈنگ کا جواب دینا چاہئے پچھلے 2سال سے وہ بیرونی فنڈنگ کا جواب دینے سے قاصر ہے اور دوسروں پر الزام تراشیاں کر رہے ہیں اگر دوسرا کوئی کام کرے تو حرام اور عمران خان کرے تو حلال ہو جاتا ہے، عمران خان دوسروں پر الزامات لگانے کی بجائے اپنی گریبان میں جھانکھیں اور خیبرپختونخوامیں کرپشن کے الزامات کا جواب دیں، انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث سیاحت میں اضافہ ہوا اور رواں سال میں سیاحت کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عالمی کھلاڑیوں کا پاکستان آنا خوش آئند ہے اس سے ملک کی کرکٹ مزید بہتر ہو گی۔

مزید : صفحہ آخر