عوامی تعاون سے دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتیں گے ، شاہد خاقان

عوامی تعاون سے دہشتگردی کیخلاف جنگ جیتیں گے ، شاہد خاقان

سرگودھا( مانیٹرنگ ڈیسک 228آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہے۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مصحف بیس سرگودھا کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو قدرتی آفات سے نمٹنے اورامدادی کاموں پر پاک فضائیہ کی خدمات، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی پاک فضائیہ کی خدمات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے پاکستان ایئرفورس کے وطن کے دفاع کے لیے بہترین کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فضائی حدود کے تحفظ میں پاک فضائیہ کا کردارقابل تعریف ہے، پاک فضائیہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے بھی اہم کردار ادا کررہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف پاک فوج نے بے پناہ قربانیاں دیں جن کو دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ہم ملکر اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے ۔ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف بڑی کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں ، پاک افواج ،خفیہ اداروں،پولیس سمیت تمام سکیورٹی اداروں اور سیاسی قیادت نے اس جنگ کو جیتنے کا عزم کررکھا ہے اس جنگ میں ہمیں عوام کا بھی بے پناہ تعاون حاصل ہے اور انشاء اللہ ہم یہ جنگ ضرور جیتیں گے ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایف 16 طیارے میں بیٹھ کر فوجی مشقوں میں شرکت کرنے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاک فضائیہ کے آپریشنل بیس کا دورہ کیا، ایئربیس آمد پر ایئرچیف مارشل سہیل امان نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے نئے تعمیر شدہ ایئرپاور سینٹر آف ایکسی لینس کا دورہ کیا جہاں انہیں سیفرون بینڈڈ نامی فوجی مشقوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ ایئرپاور سینٹر آف ایکسی لینس جدید ترین آلات سے لیس ادارہ ہے۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی وزیراعظم نے جہاز میں بیٹھ کر فوجی مشق میں شرکت کی جب کہ سربراہ پاک فضائیہ نے دوسرے ایف 16جہاز میں بیٹھ کر جاری فوجی مشق میں شرکت کی۔ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایف 16 جہاز کے ریئرکاک پٹ میں بیٹھ کر فلائنگ مشن میں حصہ لیا ، انہوں نے کمبیٹ افسروں اور گراؤنڈ کریو سے بھی ملاقات کی۔وزیراعظم نے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاک فضائیہ کے عزم و حوصلے کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ دنیا کی جدید ترین فضائیہ میں شامل ہے اور ملکی فضائی حدود کی محافظ ہے۔ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ اکتوبر میں کثیرالملکی فوجی مشقوں کی میزبانی کرے گی۔وزیراعظم کو قدرتی آفات سے نمٹنے اورامدادی کاموں پر پاک فضائیہ کی خدمات، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی پاک فضائیہ کی خدمات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے پاکستان ایئرفورس کے وطن کے دفاع کے لیے بہترین کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائی حدود کے تحفظ میں پاک فضائیہ کا کردارقابل تعریف ہے اور پاک فضائیہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے بھی اہم کردار ادا کررہی ہے۔

مزید : صفحہ اول