بین الا قوامی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں ، پر امن ماحول میں میچوں کا انعقاد یقینی بنائیں گے :شہباز شریف

بین الا قوامی کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں ، پر امن ماحول میں میچوں کا ...

 لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے لندن سے سول سیکرٹریٹ لاہور میں 3گھنٹے طویل ویڈیوکانفرنس کی،جس میں آزادی کپ 2017اور ورلڈ الیون کے دورہ لاہور کے دوران سکیورٹی اوردیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ویڈیوکانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون کے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو پاکستان آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ورلڈ الیون او رپاکستان الیون کے مابین میچوں کا لاہو رمیں انعقاد ایک بڑا ایونٹ ہے اور آپ سب نے مل کر اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے دن رات محنت کرنا ہے۔سکیورٹی آپ کی نمبرون ترجیح ہے اور آپ سب نے مل کر اس کو فول پروف بنانا ہے۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ورلڈ الیون کے دورہ لاہور کے دوران سکیورٹی اور دیگرانتظامات خوب سے خوب تر ہونے چاہئیں اورورلڈ الیون کے میچوں کی سکیورٹی اوردیگر انتظامات پی ایس ایل فائنل سے بڑھ کر ہوں تاکہ شائقین کرکٹ کو اچھا کھیل دیکھنے کو ملے۔انہوں نے کہا کہ پرامن اور پرسکون ماحول میں میچوں کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا ۔یہ پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے ، اس پر حرف نہیں آنے دیں گے۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ٹریفک پلان اور متبادل راستوں کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں عوام کو بھرپور آگاہی دی جائے۔ میچوں کے دوران کھلاڑیوں کی سٹیڈیم آمد او رروانگی کے حوالے سے کثیر الجہتی حکمت عملی اختیار کی جائے اورسکیورٹی کے لئے وضع کردہ پلان پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ میچوں اور دیگر مقامات پر فرائض سرانجام دینے و الی پولیس فورس اور دیگر عملے کیلئے کھانے پینے کا بہترین انتظام ہونا چاہیئے۔اس ضمن میں کسی قسم کی شکایت ملی تو متعلقہ حکام کے خلاف سخت ایکشن لوں گا۔میچوں کے دوران داخلی وخارجی راستوں پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔روٹ کو بھی برقی قمقموں سے روشن کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ شائقین کرکٹ کو پارکنگ سے سٹیڈیم تک لانے او رلے جانے کے لئے مفت شٹل سروس چلائی جائے گی۔وزیراعلی نے ہدایت کی کہ سٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں ۔ کارپارکنگ میں ڈرائیور حضرات کے لئے منرل واٹر ،چائے ، بسکٹ کا خصوصی انتظام کیا جائے اور سٹیڈیم کے اندر واش رومز کی صفائی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔کئے جانے والے انتظامات کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے اور رپورٹ مجھے بھجوائی جائے۔انہوں نے کہاکہ آپ سب نے ایک ٹیم کے طو رپر کام کرنا ہے اورمیچوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانا ہے۔ صوبائی وزراء ایوب گادھی،جہانگیر خانزادہ ، مشیر رانا مقبول احمد ،چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، انسپکٹرجنرل پولیس اور متعلقہ حکام سول سیکرٹریٹ سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ سیکرٹری وزیراعلی پنجاب اور متعلقہ افسران نے وزیراعلی آفس سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول